جموں //محکمہ سکولی تعلیم نے موجودہ امتحانات کے نظام کو نئے سرے سے ترتیب دیا ہے۔ یہ نیا نظام جماعتوں کے کام کے ایام میں اضافہ اور طُلاب کے تعلیمی سال کو بچانے میں سود مند ثابت ہوگا۔جاری کردہ حکم نامے کے مطابق محکمہ سکولی تعلیم نے یہ قدم شراکت داروں کی جانب سے بورڈ امتحانات میں اصلاحات لانے کیلئے درخواستوں کی موصولی کے پیش نظر اُٹھایا ہے۔ان درخواستوں میں سالانہ، ششماہی / پرائیویٹ امتحانات اور تعلیمی سال کے دوران تعلیم کے ایام میں اضافہ، پرویثرنل داخلہ جیسے معاملات پیش کئے گئے تھے۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاملات متعلقہ حکام اور ماہرین کے ساتھ زیر بحث لائے جائیں گے۔یہ محسوس کیا گیا کہ بورڈ امتحانات کے نتائج آنے تک قریباً ایک۔ دو ماہ تک جماعتوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع نہیں ہوتی تھیں۔اس کے بعد چھٹیوں کی وجہ سے بھی تعلیمی کلینڈر پر اثر پڑتا تھا۔اس میں یہ بھی محسوس کیا گیا کہ دسویں جماعت کے سالانہ اور ششماہی امتحانات کے درمیان کے وقفہ کو کم کیا جاسکتا ہے تا کہ امتحان میں ناکامیاب ہوئے اُمید واروں کو تعلیمی سال بچانے کا موقعہ مل سکے ۔اس میں یہ بھی پایا گیا کہ سائنس نصاب میں پریکٹیکل اور تھیوری کے الگ الگ امتحانات منعقد ہونے کی وجہ سے ثمر آور نتایج برآمد نہیں ہورہے ہیں ۔ نئے امتحانی نظام کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات دینے کے بعد طُلاب11 ویں جماعت میں پرویثرنل داخلہ لے سکتے ہیں۔ دسویں جماعت کے امتحانات میں ناکامیاب ہوئے طُلاب دسویں جماعت کے ششماہی امتحانات کے نتیجے آنے تک11 ویں جماعت میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیںجبکہ ششماہی امتحانات میں ناکامیاب ہونے والے طُلاب کا پرویثرنل داخلہ منسوخ کیا جائے گا۔یہ عمل گرمائی زون کے دسویں جماعت کے جاری بورڈ امتحانات کے اختتام کے فوراً بعد شروع کیا جائے گا۔ سکولوں میں معمول کی تعلیمی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لئے12 اور 10 ویں جماعت کے ششماہی اور پرائیویٹ امتحانات کو کلب کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بورڈ امتحانات کو بعد دوپہر2 بجے منعقد کیا جائے گا تا کہ سکولوں میں معمول کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔سرمائی زون میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جو کہ ماہ اکتوبر اور نومبر میں منعقد کئے جاتے ہیں، اُن کے ششماہی اور پرائیویٹ امتحانات آئندہ کلینڈر سال کے ماہ فروری کے دوسرے پندرھواڑے میں لئے جائیں گے ۔جن کے نتائج کا اعلان 30 دنوں کے اندر اندر کیا جائے گا۔گرمائی زون کے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جو کہ ماہ فروری/ مارچ میں منعقد کئے جاتے ہیں اُن کے ششماہی/ پرائیویٹ امتحانات اسی کلینڈر سال میں جون کے دوسرے پندرھواڑے میں منعقد کئے جائیں گے اور ان کے نتائج کا اعلان بھی30 دنوں میں کیا جائے گا۔ 12 ویں جماعت کے ششماہی اور پرائیویٹ امتحانات کے لئے بھی یہی عمل اختیار کیا جائے گا۔دریں اثنا سائنس مضمون کے مارکنگ سکیم کے لئے بھی جامع جائیزہ لیا جائے گا تا کہ پریکٹیکل علم کا جائیزہ بھی تھیوری پیپر سے لیا جائے۔پریکٹیکل اور فائنل پریکٹیکل امتحان میں شامل ہونے کا عمل جاری رہے گا جو کہ لازمی اہلیت ہوگی۔