عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ //ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے بوتلوں اور ڈبوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر پابندی عائدکر دی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق کشتواڑ کے ضلع مجسٹریٹ راجیش کمار شاون نے پورے ضلع میں بوتلوں، کین یا کسی بھی غیر مجاز کنٹینر میں پٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔ضلع کمشنر کی جانب سے جاری ایک حکم نامہ میں عوامی تحفظ اور ممکنہ آگ کے خطرات کو لے کر سنگین خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ’’ پٹرول پمپو ں اور فیولنگ اسٹیشن مبینہ طور پر ایسے کنٹینروں میں ایندھن فروخت کر رہے ہیں، جو کہ غیر قانونی اور خطرناک بھی ہے۔ لہذاس پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے اور بھارتی شہری تحفظ سنہتا 2023 کی دفعہ 163 کے تحت جاری کردہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے مزید کہا ’’کوئی بھی شخص یا ایندھن اسٹیشن اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائے گا، قانون کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا‘‘۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کشتواڑ کو مکمل نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ حکم عوامی پلیٹ فارمز اور تمام متعلقہ دفاتر کے سرکاری نوٹس بورڈز کے ذریعے وسیع پیمانے پر آگاہی کے لیے مطلع کیا گیا ہے۔