یواین آئی
نئی دہلی// احمد آباد میں جمعرات کو پیش آنے والا ہولناک طیارہ حادثہ دنیا میں امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کا پہلا مہلک حادثہ ہے، جس میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے مضمون کے مطابق بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں میں کئی آپریشنل خامیاں سامنے آتی رہی ہیں جن میں مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس آرٹیکل کے مطابق اس طیارے کے ساتھ اب تک کوئی جان لیوا حادثہ نہیں ہوا ہے۔ڈریم لائنرز کو پہلی بار 2012 میں ہندوستان میں ایئر انڈیا کے طیاروں میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ طیارے اپنی اعلیٰ ٹیکنالوجی، ایندھن کی بچت اور مسافروں کے لیے زیادہ آرام کی وجہ سے دنیا بھر کی ایئر لائنز کی چوٹی کا انتخاب ہیں۔ایک ڈریم لائنر بوئنگ 787 طیارہ، جسے 2016 میں ایئر انڈیا کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا، آج دوپہر کو احمد آباد سے لندن جاتے ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ اس طیارے میں 230 مسافر، دو پائلٹ اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے۔