بنی // چوریوں کے انوکھے واقعات آئے دن سننے کوملتے ہیں اور تحصیل بنی میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے پٹرول چوری کرنے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں ۔ بنی علاقے میںنا معلوم پٹرول چوروں نے دہشت مچا رکھی ہے ۔لوگوں کاکہناہے کہ یہ چور آئے دن اکثر رات کے اوقات میں آتے ہیں اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں سے پٹرول چوری کر کے لے جاتے ہیں ۔گزشتہ دو ماہ سے اب تک 200 سے زائد موٹرسائیکلوں سمیت دیگر گاڑیوں سے پٹرول چوری کیاجاچکاہے۔گاڑیوں سے پٹرول چوری کرنے کے اپنی نوعیت کے الگ واقعات اورنامعلوم چوروں کے خوف سے لوگ پریشان ہیں۔لوگوں کاکہناہے کہ رات کو گاڑیاں سڑک پر لگانے سے بھی اب ڈر لگ رہا ہے کیونکہ کے یہ نا معلوم چور گاڑی کا کافی نقصان بھی کر دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نامعلوم پٹرول چوروں کے ڈر سے ہم پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کیونکہ راستے پہاڑی اور پیدل ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کو سڑکوں پر ہی لگاناپڑتا ہے اور یہ نا معلوم چور رات کے اندھیرے اور گھروں سے کلومیٹر دوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقعہ پا کر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے پٹرول چوری کر لتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ بنی ویلی میں کوئی پٹرول پمپ بھی نہیں ہے اور دوکانوں پرپٹرول 100 روپے فی لیٹر قیمت پر ملتا ہے۔ بنی سے 90 کلومیٹر دور بسوہلی میں پٹرول پمپ موجود ہے اور روزانہ اپنے کام اور دفتر میں آنا جانا ایسے میں پٹرول کا گزارہ بڑی مشکل سے کرنا پڑتا ہے تو وہی لگ بھگ دو ماہ سے ان پٹرول چوروں نے جینا مشکل کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب لوگ اپنے کام کاج سے واپس لوٹتے ہیں تو دوسرے روز صبح جب موٹرسائیکل اور گاڑیوں سے پٹرول چوری ہونے کے واقعات دیکھتے ہیں تو ایسے میں اکثر لوگ دیر سے اپنے کام پر پہنچتے ہیں جسکی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں ۔انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان نا معلوم پٹرول چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کو ان نا معلوم پٹرول چوری کرنے والوں سے نجات مل سکے۔