بنی // ضلع کٹھوعہ کی تحصیل بنی کے متعدد علا قوں میں عوام راشن کی قلت کی وجہ سے مسائل کا شکار ہو چکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل بنی کے بانجل گائوں کی عوام نے ضلعی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دو برسوں سے مقامی لوگوں کو راشن کی فراہمی سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کے کئی وفود نے انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران سے بھی ملاقاتیں کی جنہوں نے مقامی لوگوں کو راشن کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی تھی لیکن اس کے باو جود بھی عملی طورپر کوئی بھی کام نہیں کیا گیا ۔اسی طرح علا قہ کرڑو اوربھنڈار علا قوں کی عوام نے مبینہ طورپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کے علا قوں میں قائم کر دہ راشن ڈیپو کئی عرصہ سے خالی پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔ان علا قوں کی عوام نے ریاستی اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کو راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کو درپیش مشکلات حل ہو سکیں ۔