عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر بی جے پی کے ترجمان اعلیٰ ایڈوکیٹ سنیل سیٹھی نے این سی ،پی ڈ پی اور کانگریس کو بنگلہ دیش میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر خاموشی اختیار کر نے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔وہ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پارٹی ترجمان جی ایل رینا، ڈاکٹر طاہر چودھری، وائی وی شرما اور بلبیر رام رتن کے ہمراہ میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔سنیل سیٹھی نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں کو مظالم کا سامنا ہے، انہیں قتل کیا جا رہا ہے، اور خواتین کی عصمت دری ہو رہی ہے۔ وہاں بے یقینی اور مکمل عدم تحفظ کی لہر دوڑ رہی ہے۔ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ این سی، پی ڈی پی اور یہاں تک کہ کانگریس جیسی پارٹیاں، جو انہیں انسانی حقوق کے چیمپئن کے طور پر پیش کرتی ہیں، نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور بنگلہ دیش میں متاثرہ ہندوؤں کے تئیں کوئی ہمدردی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے میں بھی ان جماعتوں کا دوہرا معیار ہے۔سنیل سیٹھی نے کہا”اگر بنگلہ دیش یا کسی اور جگہ ہندوؤں پر مظالم ہوتے ہیں اور ان پر جسمانی حملہ کیا جاتا ہے، تو این سی ،پی ڈی پی اور کانگریس میں سے کوئی بھی اقلیتی برادری کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی مذمت نہیں کرتا‘‘۔ سنیل سیٹھی نے مزید کہا کہ ان جماعتوں کی طرف سے چنیدہ مذمت نے ان کی ہندو مخالف ذہنیت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ .سنیل سیٹھی نے تمام طبقوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے جموں کے لوگوں کی طرف سے بنگلہ دیش کے واقعات پر متحدہ احتجاج اور مذمت کو سراہتے ہوئے بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی سلوک پر کشمیر کی طرف سے کوئی ردعمل نہ ہونے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وادی میں مقیم جماعتوں اور وہاں کے لوگوں کے فرقہ وارانہ نقطہ نظر کو ظاہر کرتا ہے۔جہاں یہ جماعتیں روہنگیا کی غیر قانونی آباد کاری پر شور مچا رہی ہیں اور اسرائیل فلسطین جنگ پر بھی تشویش کا اظہار کر رہی ہیں، وہیں ان جماعتوں کو بنگلہ دیش کے ہندوؤں کی فکر نہیں ہے جو تقسیم سے پہلے اس قوم کا بہت حصہ تھے۔سیٹھی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں لوگ چند سیاسی پارٹیوں کے ہندو مخالف رویہ کو غور سے دیکھ رہے ہیں اور ان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کریں گے۔