ماؤنٹ مانگنوئی// میڈیم تیز گیند باز عبادت حسین (46 رن پر 6 وکٹ) کی بہترین گیندبازی سے بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں اورآخری دن بدھ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔بنگلہ دیش نے میزبان ٹیم کو دوسری اننگ میں 169 رنز پر نمٹا دیا اوراس نے جیت کے لیے 40 رنز کے ہدف کو دووکٹ پر 42 رنز بنا کرحاصل کرلیا۔ بنگلہ دیش نے اس طرح عالمی ٹیسٹ چیمپئن نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف 15 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جن میں 12 میں انہیں شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی اس سے قبل اپنے نو میں سے آٹھ میچ ہارنے کے بعد یہ اس کی پہلی جیت ہے ۔اس ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی جیت کسی بھی فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی سرزمین پر پہلی جیت ہے ۔ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل گھریلو میدان پر بین الاقوامی کرکٹ میں کھیلے گئے 32 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ کسی بھی ٹیم کا دوسری ٹیم کے خلاف اپنے گھر میں سب سے طویل جیت کا سلسلہ ہے ۔