عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے قومی دن کے موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو خط لکھ کر مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اپنے خط میں وزیر اعظم مودی نے لکھا، عالی جناب، میں بنگلہ دیش کے قومی دن کے موقع پر آپ اور بنگلہ دیش کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہماری مشترکہ تاریخ اور قربانیوں کی علامت ہے، جنہوں نے ہماری دوطرفہ شراکت داری کی بنیاد رکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ کا جذبہ آج بھی دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مشعلِ راہ ہے، جس نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کے ساتھ دونوں اقوام کو فائدہ پہنچایا ہے۔وزیر اعظم نے اس خط میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستان بنگلہ دیش کے ساتھ امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے لکھا، ہم اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، جو ایک دوسرے کے مفادات اور خدشات کے احترام پر مبنی ہے۔دریں اثناء صدر دروپدی مرمو نے بھی بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا، میں حکومت، ہندوستان کے عوام اور اپنی جانب سے آپ اور بنگلہ دیش کے دوستانہ عوام کو قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔قابلِ ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس 3 اور 4 اپریل کو بینکاک میں ہونے والے بمسٹیک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔