دبئی/بنگلہ دیش اپنے دورہ پاکستان سے قبل 17 مئی اور 19 مئی کو شارجہ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف دو ٹی 20 میچ کھیلے گا۔ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے سی ای او سبحان احمد نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں ہم نے آئی سی سی کی فل ممبر ٹیموں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی میزبانی کی ہے جب کہ تین سال بعد بنگلہ دیش کا یہ دوسرا دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی دورہ ہے ۔ بنگلہ دیش کے ساتھ دو میچوں کی یہ سیریز متحدہ عرب امارات کے لیے اس سال کے ٹی۔ٹوئنٹی ایشیا کپ سے قبل تیاری کا ایک موقع ہے ۔ اس دورے کے حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے کہا کہ ہم اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کے انعقاد پر امارات کرکٹ بورڈ کے اقدام کو سراہتے ہیں۔ یہ میچز آنے والے ایشیا کپ سمیت مصروف بین الاقوامی کیلنڈر سے قبل ہماری ٹیم کی تیاریوں کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ دونوں میچز بی سی بی اور ای سی بی کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے ۔یواین آئی