عظمیٰ نیوز سروس
بنگلورو//کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں رات بھر ہوئی شدید بارش کی وجہ سے مختلف علاقے بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ سڑکوں پر جگہ جگہ پانی بھر گیا ہے۔ کئی رہائشی علاقے زیر آب ہو گئے ہیں۔ شہر میں ابھی اور موسلا دھار بارش کے آثار ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بنگلورو میں 104 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ سوشل میڈیا پر بھی بنگلورو کے مختلف حصوں سے زیر آب سڑکوں کے ویڈیو سامنے آ رہی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے درمیان شہر کس طرح مسائل سے دوچار ہے۔محکمہ موسمیات نے بنگلورو سمیت کرناٹک کے 23 ضلعوں میں جمعرات تک شدید بارش کو لے کر الرٹ جاری کیا ہے۔ بنگلورو کے لیے جہاں ایک طرف آرینج الرٹ جاری ہوا ہے وہیں کرناٹک کے دیگر مقامات کے لیے یلو الرٹ جاری ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بنگلوروجیسے شہر زیادہ تر کنکریٹ سے بنے ہیں اور اس طرح آبی نکاسی کے لیے آوٹلیٹ بلاک ہے، اس لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ افسر پہلے سے تیاری کر سکیں۔ بارش کے ساتھ بجلی چمکنے اور 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے لیے بھی انتباہ کیا گیا ہے۔ پورے ہفتہ بادلوں کی گرج کے ساتھ تیز بارش کے آثار ہیں۔ادھر کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیو کمار نے کہا ہے کہ بنگلورو میں شناخت کیے گئے 70 فیصد علاقوں میں سیلاب کے مسئلہ کا حل کر لیا گیا ہے۔ شیو کمار نے سائی لے آوٹ، مانیتا ٹیک پارک اور سلک بورڈ جنکشن سمیت کئی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ شہر میں سیلاب کے اندیشہ والے 210 علاقوں کی پہچان کرلی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایک 9 سال کے لڑکے سمیت تین لوگوں کی پیر کو بارش سے متعلق الگ الگ واقعات میں موت ہو گئی تھی۔ تیز بارش کی وجہ سے ایک آئی ٹی کمپنی کی دیوار گرنے سے 35 سالہ خاتون کی موت ہو گئی۔ افسروں نے بتایا کہ مہلوک کی شناخت ششی کلا (35) کے طور پر ہوئی ہے۔اتوار اور پیر کی درمیانی رات شہر میں 6 گھنٹے سے زیادہ وقت تک بارش ہوئی جس سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ جس کی وجہ سے ایک حادثہ 6 بجے ہوا۔ مہلوک کی شناخت منموہن کامت (63) اور دنیش (12) کے طور پر کی گئی ہے۔ دنیش نیپالی نژاد ایک ملازم کا بیٹا تھا جو اسی اپارٹمنٹ میں کام کرتا تھا۔