محمد تسکین’
بانہال// تنگ آمدبہ جنگ آمد کے مصداق قصبہ بانہال سے دو کلومیٹر دور بنکوٹ کی گوجر آبادی نے تنازعہ کا شکار بنکوٹ ۔ گوجر ناڑ رابطہ سڑک کے ابتداء میں کچھ حصہ کھود کر اس سڑک کو ناقابل آمدورفت بنا کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔ مقامی گوجر ناڑ کی آبادی کا الزام ہے کہ یہ سڑک بنکوٹ سے گوجر ناڑ کیلئے منظور ہوئی ہے لیکن وانی پورہ تک اس سڑک کو پہنچانے کے بعد اس میں طرح طرح کے روڑے اٹکائے جارہے ہیں اور سڑک کو آگے بڑھانے کے بجائے مبینہ طور پر مقامی ٹھیکیدار چند افراد کے ساتھ ملکر اس سڑک پروجیکٹ کو آدھے راستے ہی میں بند کرنے کے درپے ہیں تاکہ ٹھیکدار ملبہ وغیرہ کو دور پھینکنے کے جھنجھٹ سے خود کو بچا سکے ۔بانہال سے قریب پانچ کلومیٹر دور گوجر ناڑ ، وانی پورہ اور کامگار پورہ بنکوٹ کے مقامی لیڈروں اور عام لوگوں کی طویل جدو جہد کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ سب ڈویژن بانہال کی طرف سے بنکوٹ ۔ گوجر ناڑ سڑک کی تعمیر کو منظوری ملنے کے بعد اس کا کام 2023میں شروع کیا گیا تھا۔اس سڑک کے پہلے حصے پر وانی پورہ تک ساڑھے آٹھ سو میٹروں کی کھدائی مکمل کرکے اس کی دیوار بندی کی جارہی ہے اور اس پر گاڑیاں بھی چلائی جا رہی ہیں جبکہ بیچ میں سڑک کے ایک حصے میں کورٹ کچہری کی وجہ سے کام بند ہے جبکہ اس سڑک کے تیسرے کلومیٹر میں بھی کچھ کام کیا گیا ہے۔ وانی پورہ اور کامگار پورہ بنکوٹ کے محمد یونس کامگار اور اعجاز احمد وانی وغیرہ نے سڑک کو کھودنے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کو کھودنے کا عمل غیر قانونی ہے اور اس سڑک کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہےاور سڑک کھودنے کے بجائے مقامی گوجر برادری کو اپنا معاملہ محکمہ تعمیرات عامہ اور سب ڈویژن بانہال کے حکام کی نوٹس میں لانا چاہئے تھا تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ سے مطالبہ کیاکہ وہ اس معاملے میں خطاوار افراد کے خلاف کیس درج کرکے قانونی کاروائی کریں اور سڑک کے کھودے ہوئے حصے کی فلنگ کرکے اسے بحال کیا جائے۔نیشنل کانفرنس کارکن اور مقامی گوجر لیڈر چودھری جماعت علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لوگوں کی طرف سے سڑک کو کھود کر بند رکھنے کا عمل جائز اور نا انصافی کے خلاف غم و غصّے کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک بانہال ۔ بنکوٹ رابطہ سڑک سے گگڑواہ پل بنکوٹ سے گوجر ناڑ کی آبادی کیلئے منظور ہوئی ہے اور اس سڑک کو گوجر ناڑ تک پہنچانے کیلئے گوجر آبادی نے مقامی زمینداروں کے پیر پکڑ پکڑ اس سڑک کو تعمیر کو ممکن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی ملکیتی زمینوں کے حصول کے بعد اب اس سڑک کو گوجر ناڑ پہنچانے کے بجائے وانی پورہ میں روک دیا گیا ہے جس کی وجہ سے گوجر ناڑ کے پسماندگی کا شکار لوگوں کو آراضی کے حصول کیلئے استعمال کیا گیا اور گوجر ناڑ تک سڑک پہنچانے کے بجائے کچھ لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور مختلف بہانوں سے اس پروجیکٹ کو ختم کروانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک پروجیکٹ 18مہینوں میں مکمل ہونا ہے اور مارچ میں اس کی معیاد ختم ہوگی اور ٹھیکیدار سمیت کئی لوگوں مبینہ طور پر اسی تاک میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے بیچ والے حصے کو ملبہ اٹھا کر ایک کلومیٹر دور پھینکنے کے کام سے بچنے کیلئے مقامی ٹھیکیدار اس سڑک کو مکمل کرنے میں اپنی عدم دلچسپی کا بھرپور مظاہرہ کر رہا ہے اور اس معاملے کو طول دینے کیلئے سڑک کی تعمیر سے نیچے بستی میں ملبہ گرنے کے وجوہات کو لیکر ایک مقامی شخص کی طرف سے بلا وجہ کورٹ سٹے آرڈر بھی پاس کرا کر اس سڑک کی تعمیر بند کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وانی پورہ تک تمام لوگوں کے گھروں میں گاڑیاں پہنچ رہی ہیں اور سڑک کو اس کی منزل گوجر ناڑ تک پہنچانے میں کئی لوگ اس پروجیکٹ کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے ہورہی ناانصافی اور سے دل برداشتہ ہوکر گوجر ناڑ کے مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جمعہ کے روز اس سڑک کے ابتداء حصے میں ہی سڑک کا تھوڑا سا حصہ کھود کر اسے ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ گوجر ناڑ کے لوگ پچھلے چالیس سال سے سڑک کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں اور اب اپنے اوپر ہورہی زیادتی اور ناانصافی سے تنگ آئے گوجروں نے اپنی مایوس کو ظاہر کرنے اور اس اہم معاملے کو لوگوں اور حکام کے سامنے لانے کیلئے اس سڑک کو ہی بند کرنے پر مجبور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک سو سے زائد کنبوں پر مشتمل گوجر ناڑ کے غریب اور ان پڑھ لوگوں کو دبانے کیلئے مختلف ہتھکنڈوں کا استعمال کیا جارہا ہے اور گوجر ناڑ کیلئے منظور سڑک کو تنازعہ کا شکار بنا کر اسے آدھے راستے ہی اختتام کرنے کی کوشش اور سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے ریاستی سرکار اور ضلع و سب ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس سڑک کو گوجر ناڑ کی بستیوں تک پہنچا کر اپنا فرض ادا کریں اور گوجر ناڑ کے سینکڑوں لوگوں کے حالات زندگی پر رحم کھائیں ۔ اس سلسلے میں جب ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن بانہال خالد محمود قریشی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں اس سڑک کو کھود کر بند کرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور محکمہ کی ایک ٹیم کو بھی علاقے میں روانہ کیا گیا تھا تاکہ وہ اس کی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن بھر مختلف نوعیت کے کارِ سرکار میں مصروف تھے اور آج یعنی ہفتے کے روز وہ اس معاملے کو دیکھیںگے اور فریقین کو اس سڑک کے حوالے سے افہام و تفہیم کی کوشش پر آمادہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سڑک کھودنے کے اس معاملے میں ضروری قانونی چارہ جوئی بھی کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن بانہال سڑک رابطوں اور تعمیر و ترقی کے دیگر پروجیکٹوں کے زریعے دور افتادہ لوگوں کی زندگیوں میں راحت پہنچانے کیلئے کوشاں ہے اور اس کیلئے مقامی لوگوں کو بھی تعاون کرنا ہوگا اور لوگوں کو سرکاری محکمہ کے اثاثوں کا محافظ بن کر بھی دکھانا ہے ۔
بنکوٹ ۔ گوجر ناڑ رابطہ سڑک کو اپنی منزل تک پہنچانے کے بجائے آدھے راستے میں ہی چھوڑنے کا شاخسانہ دل برداشتہ لوگوں نے سڑک کھود کر اسے ٹریفک کیلئے بند کر دیا،قانونی چارہ جوئی اور تحقیقات کی جائے گی :ایگزیکٹیو انجینئر
