محمد تسکین
بانہال/ اپنی مدد آپ کرو کے جذبے کے تحت بانہال کے بنکوٹ گاؤں کے لوگوں نے از خود پیسہ جمع کرکے بانہال ۔ بنکوٹ ۔ منگت رابطہ سڑک کے دو سو فٹ گہری کھائی کے ایک خطرناک مقام کی مرمت کی ہے تاکہ گاڑی والوں اور پیدل چلنے والوں کیلئے کئی سڑک حادثات کا موجب بنے اس خطرناک جگہ کو محفوظ بنایا جا سکے ۔بانہال ۔ بنکوٹ ۔ منگت سڑک کے رکھ رکھاؤ اور مرمت کی زمہ داری PWD ڈویژن بانہال پر عائد ہے اور ان کی طرف سے گگڑواہ نالے کے اوپر دہائیوں پہلے بنے پل کے ساتھ تنگ اور خطرناک سڑک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ بانہال سے ڈیڑھ کلومیٹر دور بنکوٹ کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال ۔ بنکوٹ ۔ منگت سڑک پندرہ ہزار کی ابادی کو جوڑنے والی رابط سڑک ہے اور بنکوٹ پل کے پاس اب تک پانچ سڑک حادثے رونما ہوئے ہیں اور چار افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں اسی گہری کھائی کی جگہ سے دو مقامی جوان شوکت احمد وانی اور ریاض احمد وانی سڑک پر سکوٹی پلٹنے کے بعد سیدھے نیچے دو سو فٹ گہری کھائی میں گرنے سے شدید زخمی ہوگئے ہیں اور دونوں شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر اور ایس ایم ایچ ایس سرینگر کے ہسپتالوں میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اس جگہ مرمت کا فیصلہ کیا اور تمام لوگوں نے رقم جمع کرکے اس لوہے کی پائپوں ، لوہے کے جالے سے ویلڈنگ کرکے بند کر دیا کیونکہ اگلے حادثے تک وہ محکمہ تعمیرات عامہ کا انتظار نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنکوٹ سڑک کے کنارے کم از کم تین ٹرانسفارمر نصب ہیں اور ان کے اردگرد حفاظتی بندش نہ ہونے سے راہ چلتے لوگوں خاص کر سکولی بچوں کو خطرہ لاحق رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال ۔ منگت سڑک ہولن اور بنکوٹ کے درمیان کئی مقامات پر پتھروں اور پسیوں کی وجہ سے تنگ ہوئی یے اور اس طرف بھی محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نےپی ڈبلیو ڈی ڈویژن بانہال اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ بنکوٹ سڑک کے خطرے کے تنگ مقامات کو کشادہ بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے ۔