سرینگر//دی بنڈ ، لال چوک سڑک کو صرف پید ل چلنے والوں کے لئے وقف رکھنے کے سلسلے میں تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر اور تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کل اس سڑک پر تمام گاڑیوں کی نقل و حمل اور اس تاریخی سڑک پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کے احکامات جاری کئے۔ وزراء جو حلقہ انتخاب امیرا کدل کے ایک روزہ دورپر تھے ،نے کہا کہ بنڈ کی زبردست تاریخی اہمیت ہے اور حکومت اس کی شان و شوکت کو دوبالا کرنے کے لئے مرحلہ وار طریقے پر اقدامات اٹھائے گی ۔اختر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ عبداللہ برج سے اولڈ زیرو برج تک بنڈ کے سڑک کو ترقی دینے کے اقدامات کریں۔وزیر نے بنڈ پر ناجائز تجاوزات کو ہٹانے اور بنڈ سے پارک کی گئی گاڑیوں کوہٹانے کے لئے ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ جہلم کے کناروں کو مزید جاذب نظر بنانے کے سلسلے میں نئی پارکیں تعمیر کی جائیں گی۔ آبی گزر میں وزراء نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مقامی لوگوں اور دکانداروں کے لئے ایک واش روم بلاک تعمیر کریں ۔لمبرٹ لین میں خالی زمین کے پلاٹ کو خراب حالت میں دیکھ کر وزراء ڈپٹی کمشنر سرینگر کو ہدایت دی کہ وہ اس خالی پڑی اراضی کو صاف کروا کے اسے پارکنگ سپاٹ کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات کو تلاش کریں۔ وزراء نے دریا کے کناروں پر تمام سلٹ کو صاف کرنے کے ہدایات جاری کئے۔وزراء نے بنڈ پر ہینڈ لوم دفتر کے پاس ایک بڑی دیوار کی تعمیر پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دیوار کچھ اس طرح بنانی چاہئے تھی تاکہ بنڈ سے ساری پارک نظر آئے ۔اس سلسلے میں دیوار پر تعمیر ی کام روکنے کی ہدایت جاری کئے گئے۔ بعد میں وزراء نے زیرو برج ۔ رامباغ روڑ پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ وزراء کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سرینگر ، چیف انجینئر آر اینڈ بی ، آئی اینڈ ایف سی و دیگر افسران تھے۔