محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گائوں بنوت کی سڑک شدید خستہ حالت کا شکار ہے، جس سے مقامی شہریوں کو روزمرہ آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک میں گہرے گڑھے، ٹوٹ پھوٹ اور غیر ہموار سطح نے نہ صرف گاڑیوں کی روانی متاثر کی ہے بلکہ شہریوں کی حفاظت کے لئے بھی خطرہ پیدا کر دیا ہے۔مقامی لوگوں نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی بار متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود ابھی تک سڑک کی مرمت کیلئے عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خستہ سڑک کے باعث گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کو روزانہ کے معمولات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس حوالے سے سابق سرپنچ کی قیادت میں ایک بڑی تعداد میں شہریوں نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کا کام شروع کرے۔ شہریوں نے زور دیا کہ منتخب نمائندے صرف دعوے کرتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کوئی عملی کام نہیں ہوتا، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں نے مزید کہا کہ اگر فوری مرمتی کام نہ کیا گیا تو وہ سخت احتجاج کی کارروائیوں کا آغاز کریں گے تاکہ حکام عوام کی مشکلات کو نظر انداز نہ کر سکیں۔یہ احتجاج علاقے میں عوامی سطح پر خستہ سڑکوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کے خلاف بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے۔