فیاض بخاری +عازم جان+ارشاد احمد
بارہمولہ+بانڈی پورہ +سرینگر // ضلع بارہمولہ میں 24گھنٹوں کے دوران دو مسلح تصادم آرائیاں ہوئیں جن میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ فوج اور پولیس کے تین اہلکار زخمی اور فوج کا ایک سونگھنے والا کتا بھی ہلاک ہوا۔وانی گام بالا پٹن کے بعدسنیچر کی رات قریب 11بجے بارہمولہ کے بنر گائوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد46آر آر،53 بٹالین سی آر پی ایف اور 22 بٹالین ایس ایس بی نے سنیچر کی شب محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس نے بتایا کہ مختصر فائرنگ کے تبادلے میں ایک مقامی ملی ٹینٹ مارا گیا جو لشکر طیبہ سے تعلق رکھا تھا۔پولیس نے مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت ارشاد احمد بٹ ولد فیاض احمد ساکن وائلو پٹن کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق وہ5مئی 2022سے سرگرم ہوا تھا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ملی ٹینٹ ارشاد احمد کا والد بھی ملی ٹینٹ تھا جو 2015 میں جاں بحق ہوا تھا۔ ملی ٹینٹ صفوں میں شامل ہونے سے پہلے وہ اپنے والد کے ساتھ حزب ملی ٹینٹوں کے ساتھی کے طور پر کام کر رہا تھا ۔ اسکا والدحزب کا کمانڈر تھا اور ڈی بگ میں 2015 میں مارا گیا۔ ارشاد 11اگست 2016 کو ان کے گنڈیری پورہ بارہمولہ کے رہنے والے دو شہریوں عبدالرحمان وانی اور آفتاب احمد بٹ پر حملہ سمیت دہشت گردی کے کئی مقدمات میں ملوث تھا جس میں دونوں کو گولی لگنے سے شدید چوٹیں آئیں۔وہ 9نومبر2016کو وائلو بارہمولہ میں محمود پورہ کے ذاکر حسین بڈو نامی شہری کے قتل میں بھی ملوث تھا۔اسے سیکورٹی فورسز نے 2017 میں اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کیا تھا۔ کم از کم 5 سال کے بعد اسے اپریل 2022 میں معزز عدالت نے ضمانت پر رہا کیا لیکن وہ اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آیا اور مئی 2022 میں باضابطہ طور پر دہشت گردوں کی صفوں میں شامل ہوگیا۔انکائونٹر کے مقام سے ایک رائفل، 2 میگزین اور 30 رانڈ سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
بانڈی پورہ
پولیس نے بانڈی پورہ میں ایک ہائبرڈ ملی ٹینٹ کو پستول سمیت گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ26 آسام رائفلز اور سی آر پی ایف نکیساتھ مشترکہ طور پرمصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اشٹنگو بانڈی پورہ کا محاصرہ کرلیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔تلاشی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائبرڈ ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتارملی ٹینٹ کی شناخت فیصل گلزار ولد گلزار احمد نجار ساکن ہلر آرہامہ اننت ناگ کے بطورکی گئی ہے اور اس کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔ ہابرڈ ملی ٹینٹ17جولائی کو گھر سے لاپتہ ہو گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق تین دنوں کے دوران ضلع بارہ مولہ میں پانچ ہابرڈ ملی ٹینٹوں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لیا گیا ہے ۔
گرینیڈ دھماکہ
جڈی بل سرینگر میں ایک گرینیڈ دھماکہ ہوا جس میں ایک خاتون سمیت 2شہری زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ شام دیر گئے پونے 9بجےجڈی بل میں237بٹالین سی آر پی ایف بنکر پر نا معلوم ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر دو شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کی شناخت 42سالہ صبینہ اختر ساکن لالبازار اور 30سالہ عبید مجید ساکن نوا کدل کے بطور ہوئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو سکمز صورہ منتقل کردیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی کی گئی۔