سرینگر/فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے جمعہ کو کشمیری جنگجوئوں سے اپیل کی کہ وہ بندوق کا راستہ چھوڑ کر اپنے گھروں کی طرف دھیان دیں تاکہ اُن کیلئے بہتر اور پر امن مستقبل کی تعمیر ہو۔
کرگل جنگ کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر لداخ خطے میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر فوجی سربراہ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا''جو بھی کوئی بندوق اٹھاتا ہے وہ بے گناہ نہیں ہوتا ہے''۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج جنگجوئوں کے گھروالوں کویہ سمجھانے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ بندوق اٹھانے والے افراد کو تشدد کی راہ ترک کرنے پر مجبور کریں ۔
انہوں نے کہا''ہم سیول سوسائٹی ، واعظین ،اساتذہ اور والدین تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اُنہیں سمجھا سکیں''۔
فوجی سربراہ نے کہا کہ کوئی ماں باپ نہیں چاہے گا کہ اس کا بچہ پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد جنگجو بن جائے۔