سرینگر// شہر خاص کے تاجروں کے ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید کے ساتھ میٹنگ کے دوران شہر خاص میں عوام اور تاجروں کو درپیشمشکلات پر تبادلہ خیال کیا ۔شہر خاص ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررس کارڈی نیشن کمیٹی کے بیئر تلے تاجروں کے وفد کو ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دلایا کہ انتظامیہ کو کار پارکنگ ،مرمت طلب عمارتوں ،فائر سروس سٹیشنوں کے قیام ،کتوں کی ہڑبونگ اور پائین شہر کے بازاروں میں بیت الخلاوں جیسے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا ۔کارڈی نیشن کمیٹی کے چیرمین نذیر احمد شاہ نے بتایا ’’ہم نے شہر خاص میںشام کے وقت ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی،پارمپورہ بس اڈے تک سومو سروس اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دیگر مسائل حکام کی نوٹس میں لائے ‘‘۔انہوں نے بتایا کہ پائین شہر کے7تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میںناکہ بندیوں کے دوران مرچی گیس اور اشک آور گولوں کے بے تحاشہ استعمال کو روکنے کیلئے بھی ترقیاتی کمشنر کو کہا گیا ۔ نذیر احمد شاہ نے بتایا کہ تاجروں نے پائین شہر میں کتوں کی ہڑبونگ سے نجات دلانے،حول اور اسلامیہ کالج علاقوں میں منشیات کے خلاف فوری کارروائی کا معاملہ بھی اٹھایا ۔اس کے علاقوں ٹریڈرس نے بجلی کی آنکھ مچولی ،چھاپڑی فروشوں کی باز آباد کاری اور دیگر اہم مسائل بھی حکام کے سامنے رکھے ۔ٹریڈرس نے یہ مانگ بھی کی کہ جمعہ کے روز پائین شہر میں’ خصوصی جمعہ بازار ‘ قایم کیا جائے جبکہ تمام سرکاری محکمے شہر خاص میں روزانہ کام کاج پھر سے شروع کریں ۔میٹنگ میں کارڈی نیشن کمیٹی کے صدر بشیر احمد کنو ،سینئر نائب صدر عرفان احمد شاہ ،جنرل سیکرٹری شیخ ہلال ،سیکرٹری وسیم احمد خان اور دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔