سرینگر//کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون عبدالاحد آزاد میموریل ڈگری کالج بمنہ کا دورہ کر کے وہاں تدریسی سرگرمیوں اور جاری بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔انہوںنے وہاں انٹگریٹیڈایم بی اے کورس کا افتتاح کیا جس کے لئے تدریسی عمل کل سے شروع ہوا۔ انہوںنے کلاسوں کا دورہ کر کے طلاب اور فیکلٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے طلاب کو آئی ایم جموں اور آئی ٹی میں تبادلہ کے پروگراموں کا یقین دلایا تاکہ انہیں وہاں کے تجربات کے بارے میں جانکاری حاصل ہو۔کمشنر سیکرٹری نے کشمیری زبان کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے عبدالاحد آزاد کے نام پر ایک ایوارڈ وجود میں لانے کی بھی صلاح دی۔ ڈاکٹر سامون نے ایک مصوری مقابلہ کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کالج میں پی ایم ڈی پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے 18کروڑ روپے لاگت والے پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا جس میں لائبریری بلاک ، اکیڈیمک بلاک ،ایڈمیشن بلاک ، میٹنگ ہال اور سٹاف روم تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی افسروں کو ہدایت دی۔انہوںنے کالج میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت 12.50کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے کامن گرلز ہوسٹل کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔انہوں متعلقہ ایجنسی سے کہا کہ وہ اس کام کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچائیں۔