سرینگر// بمنہ علاقے سے ایک کمسن نوجوان گزشتہ2دنوں سے اچانک لاپتہ ہوگیاجس کی وجہ سے افراد خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 12ویں جماعت کے طالب علم کے چاچا نثار احمد گلکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہمارے بیٹے نے حال ہی میں 12ویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ2دسمبر کو وہ گھر سے سبزیاں خریدنے کیلئے گیالیکن واپس نہیں لوٹا۔گلکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے طالب علم کی تلاش کا سلسلہ شروع کیاتاہم وہ کہیں نہیں ملا۔اس سلسلے میں پولیس نے بھی رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔12ویں جماعت کے طالب علم کے اچانک لاپتہ ہونے سے انکے اہل خانہ میں انکی سلامتی کے حوالے سے زبردست تشویش لاحق ہو چکی ہے۔ گلکار نے کہا کہ اس کے والدین پر سخت صدمہ طاری ہوچکا ہے اور وہ اپنے بیٹے کی سلامتی کے حوالے سے فکر مند ہیں۔