جے کے این ا یس
سرینگر//سری نگر کے مضافاتی علاقے بمنہ میں ایک نامعلوم خاتون کی نعش پائی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ خاتون کی لاش بمنہ علاقے میں دربل راؤنڈ سے ملی ۔ منگل کو صبح سویرے کچھ مقامی لوگوںنے دربل علاقے میں خاتون کی نعش پُر اسرارحالت میں پڑی دیکھی ،اورانہوںنے پولیس کو مطلع کیا۔پولیس کی ٹیم نے خاتون کی نعش کواپنی تحویل میں لیکر نزدیکی اسپتال منتقل کیا،جہاں نعش کا پوسٹ مارٹم کرایاگیا،اور ضروری طبی وقانونی لوازمات کے بعد خاتون کی میت آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کی گئی جبکہ پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔دریں اثناء خاتون کی شناخت تنویرا زوجہ شوکت احمد کالو، نندریش کالونی، بمنہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اُدھر ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویژن گندوہ میں پیرکی شام پیش آئے ایک حادثے میں لاپتہ ہونے والے نوجوان کی نعش منگل کی صبح برآمد کی گئی ۔معلوم ہواکہ پیرکی شام گندوہ ڈوڈہ میں ایک نجی آلٹو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک نالے میں جاگری ۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاکر ایک نوجوان جتندر سنگھ کو زخمی حالت میں نالے سے برآمد کرنے کے بعداسپتال منتقل کیالیکن گاڑی میں سوار دوسرے شخص کو پانی کا تیز بہائو اپنے ساتھ لے گیا ۔منگل کی صبح21سالہ شبھم ولد رویندرسنگھ نامی لاپتہ نوجوان کی تلاش کاکام پھر شروع کیاگیا ،اوربھاتری نالے سے اسکی نعش کو برآمد کیاگیا۔