سرینگر//بمنہ میں زچگی کیلئے مخصوص زیر تعمیر ہسپتال عمارت میں چھپے تیندوے نے اس وقت 2پولیس اہلکاروں سمیت4افراد کو زخمی کردیا جب محکمہ وائلڈ لائف نے اسے قابو کرنے کی کوشش کی ۔ تفصیلات دیتے ہوئے جے وی سی ہسپتال کے سی ایم او ڈاکٹر مدثر نے کہا کہ گذشتہ شام کو ہسپتال میں ایک زخمی آیا اور اس نے ہسپتال کی زیرتعمیر بلڈنگ میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع دی۔ ڈاکٹر مدثر نے بتایا کہ جوں ہی ہمیں خبر ملی ہم نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کیا جنہوں نے تیندوے کو بے ہوش کرنے کی کوشش کی تاہم اندھیرے کی وجہ سے پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف تیندوے کا پتہ لگانے میں ناکام رہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروںنے اتوار کی صبح پھر سے تیندوے کی تلاش شروع کردی جس دوران تیندوے نے ہی 4افراد کو زخمی کیا تھا جن میں شبیر احمد ولد حبیب للہ ساکنہ ٹنگمرگ، غضنفر علی ولد محمد ایوب ساکنہ پٹن اور2 پولیس اہلکار گلزار احمد اور حبیب اللہ شامل ہیں ۔تیندوے کی موجودگی کی خبر سنتے ہی علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف نے عمارت کی گھیرہ بندی کی اور تیندوے کو قابو کرنے کیلئے ماہرین کو لایا گیا اور شام 5بجے تیندوے کو ڈھونڈ نکالا گیا اوراسے پکڑنے میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ڈی او بمنہ عبدالمنان نے بتایا کہ بلڈنگ کے اندر تعمیر کیلئے لوہا اور لکڑی جمع تھی جس کی آڑ میں تیندوا حملہ کرتا تھا ۔ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی کافی مشقت کے بعد اتوارکی شام تقریباٍ5بجے تیندوے کو بے ہوشی کی گولی ماری گئی اور بعد میں محکمہ نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔