سرینگر//مال ، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ ، امداد ، بازآبادکاری اور تعمیرنو کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا ہے کہ اراضی کی میپنگ کیلئے لینڈ ریکارڈس کی ڈیجیٹائزیشن اہمیت کی حامل ہے۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار کل یہاں ریوینو کمپلیکس بمنہ میں لینڈ ریکارڈ س کی ڈیجیٹائزین کے لئے میعاری جانچ مرکز کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون ،ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈس وکاس کنڈل اور دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔وزیر موصوف نے کمپیوٹر ریکارڈ روم کے معائینے کے دوران ریاست میں لینڈ ریکارڈس کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے جڑے افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر عبدالرحمان ویری نے کہا کہ زمین کے مالکانہ حقوق کے تعلق سے وضاحت کی مدد سے ایک شخص کی ملکیت میں زمین کی تعداد کی معلومات حاصل ہوسکے گی اور وہ آن لائن زمین خریدنے، دستاویز تیار کرنے ، انتقال کرنے اور زمین کے لین دین سے متعلق بلا خوف اندراج کا عمل کر سکے گا۔وزیر نے کہا کہ کی ڈیجیٹائزیشن کی مدد سے حکومت اور محکمہ مال کے افسران کو زمین سے متعلق تفصیلات دستیاب رہیں گی۔کسی بھی غلطی کے امکان کو خارج کرنے کی غرض سے عبدالرحمان ویری نے افسران پر زور دیا کہ وہ آن لائن ڈیٹا کا مینول ڈیٹا کے ساتھ تقابل کریں۔انہوںنے اس سلسلے میں ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رام ٹیک سلوشنز کمپنی کے نمائندے نے وزیر کے سامنے ایک پرزنٹیشن بھی دی ۔ اس کمپنی کو ریاست میں لینڈ ریکارڈس کی کمپیوٹرائزیشن کا کام سونپا گیا ہے۔کمپنی کے نمائندے نے وزیر کو تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ جموں اور سرینگر میں لینڈ ریکارڈس کی ڈیجیٹائزیشن کا کام جاری ہے جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں یہ کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔مذکورہ کمپنی کے نمائندے نے کہا کہ اس کے علاوہ کمپنی غیر منقولہ جائیداد کے نقشوں کی ڈیجیٹائزیشن کے علاوہ دیگر کام بھی عنقریب شروع کرے گی۔