سرینگر// بمنہ علاقہ میں بدھ کو اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب وہاں ایک لڑکے کی ہڈیوں کا ڈھانچہ پایا گیا جسے بعد میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ۔ابو بکر کالونی بمنہ میں بدھ کی صبح لوگوں نے ایک مکان کے پاس انسانی ہڈیوں کا ڈھانچہ دیکھا جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ مکان کے نزدیک درجن بھر کتے بھی تھے جو اس ہڈیوں کے اس انسانی ڈھانچہ کو سونگھ رہے تھے ۔بعد میں پولیس کی ایک ٹیم نے ہڈیوں کے اس ڈھانچے کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔بتایا جاتا ہے کہ ہڈیوں کا یہ ڈھانچہ 10سے12سال عمر تک کے کسی لڑکے کا ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اس ڈھانچے کا ڈی این اے تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ اس کی شناخت ہوسکے جبکہ پولیس نے کئی ایسے والدین کو بھی پولیس کنٹرول روم بلایا ہے جن کے بچے گذشتہ کچھ عرصہ سے لاپتہ ہیں ۔