یو این آئی
مانچسٹر/سابق ہندوستانی لیگ اسپنر انل کمبلے کا کہنا ہے کہ تیزگیندباز جسپریت بمراہ کو سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچ ضرور کھیلنے چاہئیں۔ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل مانچسٹر میں جیو ہاٹ اسٹار کے ماہر انل کمبلے اور ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈیشکاٹے نے جیو ہاٹ اسٹار کے شو ’’فالو دی بلیوز‘‘ میں ٹیم سلیکشن پر گفتگو کی اور کھلاڑیوں کی انجری کے بارے میں اپ ڈیٹ دی۔ جسپریت بمراہ کی دستیابی، محمد سراج کی فٹنس اور رشبھ پنت کی ریکوری ٹائم لائن تک دونوں نے ٹیم کی ذہنیت اور حکمتِ عملی پر بھی بات کی کیونکہ سیریز اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔‘‘فالو دی بلیوز’’ پر بات کرتے ہوئے کمبلے نے باقی ماندہ ٹیسٹ میچوں کے لیے جسپریت بمراہ کی دستیابی کی اہمیت پر زور دیا۔کمبلے نے کہا، ’’میں یقینی طور پر بمراہ کو اگلا میچ کھیلنے کی ترغیب دوں گا کیونکہ یہ بہت اہم ہے ۔ اگر وہ نہیں کھیلتے اور ہندوستان یہ ٹیسٹ ہار جاتا ہے تو پھر سمجھ لیں کہ سیریز ختم ہو جائے گی۔ بمراہ کو باقی دونوں ٹیسٹ میچ کھیلنے چاہئیں۔ ہاں، انہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ صرف تین میچ کھیلیں گے ، لیکن اس کے بعد لمبا وقفہ ہے ۔ اگر انہیں آرام کی ضرورت ہو تو وہ گھریلو سیریز سے باہر رہ سکتے ہیں۔ لیکن فی الحال، بمراہ کو اگلے دونوں میچ ضرور کھیلنے چاہئیں۔‘‘ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین نے سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچوں میں بمراہ کی دستیابی کے بارے میں ٹیم کے فیصلے کے عمل پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا، ‘‘ہم مانچسٹر میں بمراہ کے بارے میں فیصلہ کریں گے ۔ ہمیں معلوم ہے کہ وہ آخری دو ٹیسٹ میچوں میں سے کم از کم ایک کے لیے دستیاب ہوں گے ، اور یہ بالکل واضح ہے کہ مانچسٹر میں جہاں سیریز داؤ پر لگی ہے ، ہم انہیں کھیلانے کے حق میں ہیں۔ لیکن ہمیں تمام پہلوؤں پر غور کرنا ہوگا، جیسے ہمیں کتنے دن کھیلنے کا موقع ملے گا، ہماری جیتنے کی بہترین حکمت عملی کیا ہو سکتی ہے ، اور یہ اوول میں ہونے والے میچ کے ساتھ کیسے میل کھاتا ہے ۔ ہم آخری دونوں میچوں کو مجموعی طور پر سیریز کی بڑی تصویر کے حصے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔’’اسسٹنٹ کوچ ریان نے محمد سراج کی تعریف کی اور مانچسٹر میں چوتھے ٹیسٹ سے پہلے ان کی فٹنس پر اپ ڈیٹ دیا۔