دبئی/یو این آئی/ہندوستانی مرد ٹیم کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور خواتین ٹیم کی سلامی بلے بازاسمرتی مندھانا کو سال 2024 میں شاندار کارکردگی کے لئے ‘سال کے بہترین کرکٹر’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ سال کے بہترین کرکٹر کی فہرست میں ہندوستانی مرد ٹیم کے تیزگیندبازبمراہ کو ٹیسٹ میچ کرکٹر آف دی ایئر اور اسمرتی مندھانا کو ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے ۔بمراہ 2018 کے بعد یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کرکٹر ہیں۔ سال 2018 میں وراٹ کوہلی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر منتخب کیا گیا۔ بمراہ نے انگلینڈ کے جو روٹ، ہیری بروک اور سری لنکا کے کامنڈو مینڈس کو پیچھے کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔بمراہ نے 2024 میں 13 ٹیسٹ میچوں میں 14.92 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کیں۔ بارڈر-گواسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے پر انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جو روٹ نے 2024 میں 17 ٹیسٹ میں 1556 اور ہیری بروک نے 12 ٹیسٹ میں 1100 رنز بنائے ۔ سری لنکا کے کامندو مینڈس نے نو ٹیسٹ میچوں میں 1049 رنز بنائے ۔ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم کی سلامی بلے بازاسمرتی مندھانا کو سال 2024 میں شاندار کارکردگی کے لیے آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے خطاب سے نوازا گیا ہے ۔بائیں ہاتھ کی سلامی بلے باز نے 2024 میں ایک روزہ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جس نے کئی سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو بڑی جیت میں مدد دینے اور مشکل سیریز میں بہت سے رنز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مندھانا نے اپنے کیریئر میں چوتھی بار آئی سی سی ایوارڈ جیتا ہے ۔