کارڈف/ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں شکست کے بعد مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی بلے بازی تسلی بخش نہیں رہی اور بورڈ پر کچھ اور رنز ہوتے تو وہ جیت سکتے تھے ۔ہندوستان کے لیے کارڈف میں دوسرا میچ جیت کر ٹوئنٹی 20 سریز پر قبضے کا اچھا موقع تھا لیکن انگلینڈ نے پانچ وکٹ سے میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 1۔1 کی برابری کر لی ہے ۔ مہمان ٹیم کو اب سریز پر قبضہ کرنے کے لئے تیسرا اور آخری میچ جیتنا لازمی ہو گا ۔وراٹ نے میچ کے بعد کہا کہ تین وکٹ آغاز میں ہی گنوانے کے بعد واپسی کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے ۔انگلینڈ نے میچ میں صحیح سمت میں رن بنائے تو ہمیں غلط سمت میں شاٹس لگانے کیلئے مجبور کیا ۔ہمارے لیے بورڈ پر 10 سے 15 رن اور فائدہ مند رہتے ۔ میرے حساب سے 149 رنز لڑنے کے قابل اسکور تھا لیکن مخالف ٹیم کو جیتنا ضروری تھا اور انہوں نے آخر میچ جیت لیا۔کپتان نے گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ چائنامین بولر کلدیپ یادو کو لے کر کہا کہ اس بار انگلینڈ نے ہندوستانی اسپنر کے خلاف زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے کلدیپ کو کھیلنے کا اچھا ہوم ورک کیا ہے ۔ہمیں اگلے میچ میں واپسی کی کوشش کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ فارمیٹ ہی ایسا ہے ۔امیش یادو نے اچھی گیند بازی کی لیکن آخری بال باؤنڈری نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔چھوٹی چھوٹی چیزوں کی میچ میں بہت اہمیت ہوتی ہے ۔ ہمیں لیکن اب اسے واپس چھوڑنا ہو گا ۔ لیکن یہ بھی ماننا پڑے گا کہ میچ میں انگلینڈ نے ہم سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔واضح رہے ا یلیکس ہیلز کی ناٹ آؤٹ 58 رن کی شاندار اننگز کی بدولت میزبان انگلینڈ نے ہندستان کو دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں جمعہ کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1۔1 سے برابر کر لی۔ہندوستان کو پانچ وکٹ پر 148 رن پر روکنے کے بعد انگلینڈ نے 19.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 149 رن بنا کر میچ جیت لیا۔انگلینڈ کو یہ جیت دلانے کا کریڈٹ جاتا ہے ہیلز کو جنہوں نے 41 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 58 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ہیلز نے انگلینڈ کو پانچویں اوور میں تین وکٹ پر 44 رن کی نازک صورتحال سے نکالا اور ٹیم کو فتح کی منزل پر پہنچا کر ہی دم لیا۔