بلڈ ڈونر‘ کا عالمی دن، سانبہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا

عظمیٰ نیوز سروس

سانبہ//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر راکیش مگوترا کی رہنمائی اور سی ایم او سانبہ ڈاکٹر ودھی بھٹیال کی مجموعی نگرانی میں ضلع سانبہ میںبلڈ ڈونر‘ کا عالمی دن منایا گیا جس میں خون عطیہ کرنے والوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی ۔سانبہ سوشل کلب اور امر اجالا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ ہسپتال سانبہ میں خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کے دوران شرکاء کی طرف سے 16 یونٹ خون کا عطیہ دیا گیا۔اس تقریب کا افتتاح سانبہ کے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے کیا جنہوں نے نہ صرف کیمپ کا افتتاح کیا بلکہ خود خون کا عطیہ کرکے ایک متاثر کن مثال قائم کی۔ڈی سی نے اس طرح کے اہم خون عطیہ کیمپوں کے انعقاد کے لئے ضلع کے طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے جان بچانے میں خون کے عطیہ کی اہمیت پر زور دیا اور کمیونٹی کو ان اہم سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔عطیہ دہندگان کے تعاون کے اعتراف میں، ڈی سی، ابھیشیک شرما نے خون کا عطیہ دینے کے ان کے بے لوث عمل کا اعتراف کرتے ہوئے تمام شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔بلڈ ڈونر کے عالمی دن کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، ایمرجنسی ہسپتال وجئے پور نے خون کے عطیہ دہندگان کو سہولت فراہم کی اور ایک خصوصی معذوری کیمپ کا انعقاد کیا، جس نے جامع صحت کی دیکھ بھال اور کمیونٹی سروس کے لئے ضلع کے عزم کو مزید اجاگر کیا۔