محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع سب ضلع ہسپتال بانہال میں بلڈ بنک سہولیات کی کمی کے باوجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ایک ٹیم نے پہلی بار ایک ضرورتمند مریض پر بلڈ ٹرانسفیوژن کا عمل کامیابی سے انجام دیا اور مریض اشتیاق احمد وانی کو کشمیر کے ہسپتال لیجانے کی طوالت بچایا گیا ۔اس کامیاب بلڈ ٹرانسفیوژن یا ایک سے لیکر مریض میں خون کی منتقلی کیلئے بی ایم او بانہال ڈاکٹر شبیر احمد ڈار نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹیم کی سراہنا کی۔ انہوں نے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر برہان ، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مظفر اور نیم طبی عملے کی ٹیم میں شامل ظہور احمد ، نصیر احمد ، شاہنواز احمد اور مدثر احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قدرے مشکل عمل اور کوشش سے ایک ایمرجنسی مریض کی بروقت مدد سے جان بچائی گئی اور اسے راحت پہنچانا ممکن ہوسکا ۔ مقامی رضاکار تنظیم بانہال والنٹیرس کے بانی و صدر محمد ادریس وانی نے ڈاکٹروں کی ناممکن کوشش کو ممکن بنانے کیلئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بانہال ہسپتال میں بلڈ بینک سہولیات موجود ہونی چاہئے تاکہ ہزاروں مقامی لوگوں اور سڑک کے مسافروں کو اس فائدہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ بینک نہ ہونے کی وجہ سے بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں نے پچھلے چند سال کے دوران سینکڑوں بولڈ یونٹ کشمیر کے ہسپتالوں میں عطیہ کئے ہیں۔ ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین سب ضلع ہسپتال بانہال میں بلڈ بینک ، سی ٹی سکین اور دیگر سہولیات اور سامان کو میسر رکھنے کیلئے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں اور امید ہےکہ جلد ہی سب ضلع ہسپتال بانہال کو سی ٹی سکین سمیت دیگر سہولیات ایک حقیقت ہوگا ۔