جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے منکوٹ علاقہ میں کھیلی جارہی بلنوئی پرائمیر کرکٹ لیگ اختتام پذیر ہو گئی ۔فوج کی جانب سے منعقد کئے گئے اس ٹورنامنٹ میںسب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے 8کرکٹ ٹیموں نے شرکت کی جبکہ مختلف مرحلوں میں منعقدہ اس ٹورنا منٹ کا فائنل میچ گزشتہ روز منکوٹ الیون کرکٹ ٹیم اور فرینڈ کرکٹ ٹیم ساگرہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا ۔منکوٹ کے ساگرہ کرکٹ میدان پر کھیلے گئے فائنل میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فرینڈ کرکٹ کلب ساگرہ کی ٹیم نے بیس اوروں میں 105رنز بنائے جواب میں منکوٹ الیون نے مذکورہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔فائنل میچ کے دوران ایس ڈی ایم مینڈھر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے ہمراہ تحصیلدار مینڈھر ،فوج کے اعلیٰ آفیسران ،ایس ایچ او مینڈھر اور علاقہ معززین بھی موجود تھے ۔اس دوران ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔ٹورنامنٹ میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے پر ریاست چوہدری کو مین آف دی سیرئز قرار دے دیا گیا ۔