جاوید اقبال
مینڈھر // لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریبی علاقے بلنوئی میں گزشتہ شام اْس وقت سنسنی پھیل گئی جب مقامی لوگوں کو ایک پرانا مارٹر شیل ملا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز حرکت میں آ گئیں اور فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔سیکورٹی اہلکاروں کے مطابق مارٹر شیل جنگ بندی کے دوران یا کسی پرانے تنازعے کے وقت کا ہو سکتا ہے، جو زمین کے اندر دبا ہوا تھا اور حالیہ بارشوں یا زمین کھودنے کے دوران ظاہر ہوا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ایک ماہر ٹیم موقع پر پہنچی، جس نے شیل کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے شیل کو ایک کنٹرولڈ بلاسٹ کے ذریعے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا گیا۔اس کارروائی کے دوران علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک چیز کی صورت میں فوری طور پر پولیس یا قریبی سیکورٹی ادارے کو اطلاع دیں، تاکہ ایسے پرانے ہتھیاروں یا مواد کو بروقت ناکارہ بنایا جا سکے اور انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔