میونسل وارڈروں کی حد بندیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی
بلال فرقانی
سرینگر// اکتوبر -نومبر میں پنچایتی انتخابات سے قبل جموں کشمیر میں ستمبر کے آخری ہفتہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں جن کی معیاد اکتوبر میں پوری ہورہی ہے۔تاہم میونسپل کارپوریشنوں،کمیٹیوں اور کونسلوں کی سر نو حد بندی نہیں کی گئی ہے، اور ان کے چنائو پرانی حد بندیوں کی بنا پر ہی کی جائیگی۔انتخابات کی تیاریوں پر مامور ایک سینئر افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فی الحال ووٹر فہرستوںکی نظر ثانی کا کام 26اگست تک مکمل کیا جائیگا اور حتمی فہرست 29اگست کو شائع کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ ساتھ ساتھ ووٹنگ مشینوں کی اپ گریڈیشنبھی ہورہی ہے اور ہر اضلاع میں مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے انجینئر موجود ہیں جو اس کام کو سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امرناتھ یاترا کے اختتام کے ساتھ ہی بلدیاتی چنائو کی تیاریاں شروع ہونگی اور ستمبر کے پہلے ہفتے یا ممکنہ طور پر 10ستمبر تک الیکشن نوٹیفکیشن جاری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے اور جونہی بنیادی چیزیں مکمل ہونگی تو اسکا اعلان کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ستمبر کے آخری ہفتے میں سرینگر و جموں میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ 19میونسل کونسلوں اور 57میونسپل کمیٹیوں کے انتخابات عمل میں لائے جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ یہ انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد کرنے کے بارے میں جموں کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر بی آر شرما نے پہلے ہی عندیہ دیا ہے۔مذکورہ آفیسر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے فوراً بعد پنچایتی چناوی عمل شروع کیا جائیگا ۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امر ناتھ یاترا کی حفاظت پر مامور سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی دستوں کی اضافی کمپنیوں کو بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات تک وادی میں ہی تعینات رکھا جائیگا۔واضح رہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن 5 نومبر کو اپنی مدت پوری کر رہی ہے جبکہ جموں میونسپل کارپوریشن کی مدت14نومبر کو مکمل ہوگی۔ جموں کشمیر میں سال2018میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔اربن لوکل باڈیز کی مدت ان کی پہلی میٹنگ کے دن سے شمار کی جاتی ہے اور اس کے پس منظر میںاربن لوکل باڈیز کے انتخابات اکتوبر سے پہلے مکمل کرنے لازمی ہیں۔ میونسپل انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی اور اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری ہے اور ہر ایک پولنگ بوتھ پر بوتھ لیول آفیسر موجود رہنے کے احکامات دیئے گئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں گھر گھر مہم بھی کی جارہی ہے۔ محکمہ مکانات و شہری ترقی کے سیکریٹری انیل کول کو جموں کشمیر میں بلدیاتی انتخابات2023کیلئے نوڈل افسر نامزد کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں 2میونسپل کارپوریشن کے علاوہ 19 میونسپل کونسل اور 57 میونسپل کمیٹیاں ہیں۔سرینگر میونسپل کارپوریشن 74 جبکہ جموں میونسپل کارپوریشن 75وارڈ ں پر مشتمل ہے۔ میونسپل کمیٹیوں و کونسلوں میں اننت ناگ میں9،کولگام میں4،پلوامہ میں5، شوپیان اور گاندربل میں ایک ،ایک،بڈگام اور بارہمولہ میں چھ،6، کے علاوہ بانڈی پورہ اور کپوارہ میں تین 3 شامل ہیں۔جموں صوبے میں ضلع جموں میں7، سانبہ میں4،کھٹوعہ میں6، راجوری میں5، کشتواڑ میں ایک،ادھمپور میں3،ریاسی اور پونچھ میں دو 2کے علاوہ رام بن اور ڈوڈہ میں تین 3 کمیٹیاں اور کونسلیں ہیں۔ وادی میں میونسپل کونسلوں و کمیٹیوں میں نشستوں کی مجموعی تعداد511ہے جن میں بڈگام میں72، گاندربل میں17،شوپیان میں17،کولگام میں40،اننت ناگ میں139، پلوامہ میں69،بارہمولہ میں75، بانڈی پورہ میں43اور کپوارہ میں39شامل ہیں۔