عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شہری بلدیاتی اداروں، پنچایتوں اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوںکی میعاد کل یعنی 9 جنوری کو ختم ہونے والی ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر بی آر شرما نے پنچایتوں کی ووٹر فہرستوں کی سالانہ نظر ثانی کا حکم دیا ہے۔سٹیٹ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حکم کے مطابق، پنچایتوں کی فہرستیں 15 جنوری کو شائع ہوں گی۔ رائے دہندگان کے دعوے اور اعتراضات 5 فروری تک جمع کئے جاسکتے ہیں جبکہ حتمی فہرستیں 26 فروری کو شائع کی جائیں گی۔ان اداروں کے مالی اور انتظامی اختیارات سرکاری افسران کو دینے کا فیصلہ آنے والے دنوں میں متوقع ہے۔اختیارات یا تو بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز اور پنچایت سکریٹریوں کو جائیں گے یا پھر حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے منتظمین کا تقرر کر سکتی ہے کہ پنچایت اور بلاک انتخابات کے انعقاد تک اچھی طرح سے چلیں۔بی ڈی سی کی پانچ سالہ میعاد اکتوبر 2024 میں ختم ہونے والی تھی لیکن قواعد اور پنچایتی راج ایکٹ کے مطابق، بی ڈی سی کی میعاد پنچایتوں کے ساتھ شریک ہے اور وہ بھی 9 جنوری کو پنچایتوں کے ساتھ ختم ہو جائیں گی۔تقریبا 310 بی ڈی سیز کے انتخابات اکتوبر 2019 میں جبکہ پنچایتوں کے انتخابات نومبر-دسمبر 2018 میں اور پنچایتوں کی باقاعدہ تشکیل 8 جنوری 2019 کو ہوئی تھی۔