سرینگر//’اجالا سکیم‘ کے تحت بجلی بلبوںکی سست تقسیم کاری کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ میں چھپی خبر کے بعد متعلقہ فرم نے صارفین کو ایک ہفتے کے اندراندر بجلی بلب رعایتی داموں پر فراہم کرنے کیلئے مزید 200کونٹرکھولنے کی حامی بھر لی ہے۔7دسمبر کو کشمیر عظمیٰ میں مرکز کی طرف سے شروع کی گئی اجالا سکیم کے تحت بجلی بلبوں کی سست تقسیم کاری کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہونے کے بعد انرجی ایفنسی لمٹیڈ ( EESL)نامی فرم جوکہ مرکزی وزارت بجلی کی طرف سے قائم کی گئی ہے ،نے کہا ہے کہ صارفین کو LEDبلب فراہم کرنے کیلئے مزید 200کونٹرکھولے جائیں گے اور بلبوں کا اسٹاک ایک ہفتے کے اندر اندر بڑھایا جائے گا۔اْجالا یعنی’’ اْنت جوتی بائی ایفورڈیبل ایل ای ڈیز فار آل ‘‘ سکیم درج شدہ گھریلو بجلی صارفین کے لئے جموں وکشمیر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، انرجی ایفنسی لمٹیڈ ( ای ای ایس ایل)کے ساتھ باہمی اشتراک سے عملا رہا ہے اور صارفین سے کہا گیا تھا کہ وہ اْجالا سکیم کے تحت یہ ایل ای ڈی بلب نزدیکی خدمت سینٹر یا سی ایس سی سے خرید سکتے ہیں۔EESLحکام نے کہا ہے کہ وادی کے تمام علاقوں میں LEDبلبوں کی تقسیم کاری جاری ہے اور ان علاقوں میں مزید بلبوں کا سٹاک کیا جارہا ہے تاکہ صارفین بلا کسی تاخیر کے یہ بلب حاصل کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میںبلبوں کی تقسیم کاری کو یقینی بنانے کیلئے خدمت سنٹروں میں اضافی بلب دستیاب رکھے گئے ہیں تاکہ مانگ پوری ہوسکے ۔فرم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ چونکہ وادی کشمیر میں حالات پرتنائو تھے ،جس کی وجہ سے LEDبلبوں سے بھرے ٹرک وقت پر منزل تک نہیں پہنچ پائے جس کی وجہ سے بلبوں کی تقسیم کاری میں کچھ حد تک سست رفتاری ہوئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ پرتنائو حالات کے دوران کئی مقامات پر ٹرکوں کی نقل و حمل رک گئی تاہم ای ای ایس ایل کے ساتھ کام کررہے لوگوں نے محکمہ بجلی کی مدد سے صارفین میں یہ بلب تقسیم کئے ۔EESL کا کہنا ہے کہ صارفین کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے ریاست جموں و کشمیر کیلئے 10لاکھ اضافی بلب دستیاب رکھے گئے ہیں جبکہ دسمبر کے آخیر تک مزید 200مرکز قائم کئے جارہے ہیں ۔EESL حکام نے بتایا کہ ریاست میں بلبوں کی تقسیم کاری کیلئے اگرچہ پہلے ہی500مرکز قائم کئے گئے ہیں تاہم مانگ کو مد نظر رکھتے ہوئے اب مزید 200کونٹرس کھولے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 3ماہ کے دوران ریاست میں جہاں 40لاکھ بلب صارفین میں تقسیم کئے گئے وہیں تقسیم کاری میں مزید سرعت لائی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اجالاسکیم کے تحت صارفین 9واٹ کے 5عدد ایل ای ڈی بلب انتہا ئی رعایتی داموں یعنی20روپے فی بلب کے حساب سے خرید سکتے ہیںجبکہ سکیم کی رو سے یہ بلب کسی بھی تکنیکی خرابی کی بنا پر 3 برس کے دوران کسی بھی تقسیم کاری کونٹر سے تبدیل کئے جاسکتے ہیں۔ریاستی حکومت نے جموں و کشمیرکے 16لاکھ کنبوں میں اس طرح کے 80لاکھ بلب تقسیم کرنے کافیصلہ کیا ہے اور ان بلبوں کی تقسیم کاری سے ریاست میں یومیہ 28.27لاکھ کے ڈبلیو ایچ توانائی کی بچت ہوگی۔