افسران کو سیلاب سے تباہ شدہ ڈھانچے کی بحالی کو تیز کرنے کی ہدایت
سرینگر// اضلاع کے اپنے وسیع دورے کو جاری رکھتے ہوئے، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ضلع اننت ناگ میں ترقیاتی منظر نامے، جاری پروجیکٹوں اور سرکاری اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔چیف منسٹر نے ڈسٹرکٹ CAPEX 2025-26، مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں (CSS) اور دیگر فلیگ شپ پروگراموں کے تحت ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزراء سکینہ ایتو، جاوید رانا، جاوید ڈار، اور ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن اننت ناگ، اراکین اسمبلی،چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ فخر الدین، محکمہ جات کے سربراہان، ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔عمر عبداللہ نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ CAPEX بجٹ کے تحت عمل درآمد کو تیز کرے، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ موجودہ اخراجات کی سطح کم ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ دسمبر تک مختص رقم کے مکمل استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پندرہ روزہ جائزہ لیں، SACSI کے تحت کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں اور فنڈز کے ضائع ہونے کے خلاف احتیاط کریں۔قبل ازیں عوامی نمائندوں نے مختلف حلقوں کے مسائل اور ان کے حل کے لیے ترقیاتی مطالبات پیش کیے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شنگس میں تحصیل آفس کی عمارت کا افتتاح کیا اور اسے عوامی استعمال کے لیے وقف کیا۔اس دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ضلع کولگام کی ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ مالی برس 2025-26 کے ضلعی کیپکس بجٹ اور مرکزی معاونت والی سکیموں( سی ایس ایس) کے تحت ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سرمائی مہینوں کے دوران بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی مستقل بحالی میں تیزی لائی جائے، فیلڈ معائینوں کو بڑھایا جائے اور بین محکمہ جاتی تال میل کو مضبوط کریں۔ اُنہوں نے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ زمینی سطح پر واضح نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے سرمائی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں 4×4 ایمبولینسوں کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ ایمرجنسی خدمات میں خلل نہ آئے۔ اُنہوں نے کہا’’ہم متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ہر ضلع میں مناسب تعداد میں 4×4 ایمبولینسز دستیاب ہوں اور شدید برفباری کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جاری اِنتظامات میں مناسب آواجاہی اور حفاظتی اَقدامات شامل ہوں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت فنڈز کے بروقت استعمال پر زور دیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ دسمبر تک پہلی قسط کا مکمل اِستعمال یقینی بنایا جائے تاکہ بعد کی قسطوں کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’ایس اے ایس سی آئی جیسی سکیموں کے تحت پیش رفت اور اِستعمال کو ٹریک کرنے کے لئے بار بار جائزے ناگزیر ہیں تاکہ کام میں خلل ڈالنے اور دسمبر کے آخر تک اخراجات کے کم فیصد کی وجہ سے فنڈز کو روکنے سے روکا جا سکے‘‘اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے کولگام میں شہری بنیادی ڈھانچے کے متعدد اہم منصوبوں کا اِی۔اِفتتاح کیا جن میں لیرو میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اورمیٹریل ریکوری کی سہولیت ، میونسپل شاپنگ کمپلیکس اور ایک جدید مذبح خانہ شامل ہے ۔