کٹھوعہ //نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بلاور حلقے میں منگلور سے جھکھول تک ایک کروڑ دس لاکھ روپے کی لاگت سے 4کلومیٹر سڑک کے میکڈامائزیشن کام کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر کئی عوامی وفود ان سے ملاقا ت کر کے کئی مطالبات ان کے سامنے رکھے۔نائب وزیرا علیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو وقت قلیل میں حل کیا جائے گا۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاقے میں واٹر سپلائی کی دستیابی کے علاوہ خراب پڑے ٹرانسفارمروںکو تبدیل کریں۔ انہوںنے موقعہ پر ہی بجلی کے کھمبے اور تاریں نصب کرنے کے عمل کو منظوری دی۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران علاقے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے 4کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔انہوںنے لوگوں کو یقین دلایا کہ علاقے میں ڈسپنسری اور ویٹرنری ہسپتال کے قیام پر غور کیا جائے گا۔انہوںنے تحصیل دار کو بیدار ی کیمپ منعقد کرکے سرکار کی سکیموں کے بارے میںعوام کو جانکاری فراہم کرنے کی ہدایت دی۔بعد میں انہوںنے شیام لال چودھری کے ہمراہ کٹلی میں ایک کروڑ 98لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا۔ مذکورہ سکیم سے ملحقہ دیہات کے 5000نفوس کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا۔انہوںنے مذکورہ سکیم کو وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔ شیام لال چودھری نے اپنے خطاب میںکہا کہ موجودہ سرکار عوام کو بہتر بنیادی خدمات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔انہوںنے کہاکہ 65کروڑ روپے والے پروجیکٹ سے کٹھوعہ میں صحت عامہ شعبے میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے گا۔انہوںنے بلاور کے لئے 30ہینڈ پمپ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوںنے کہاکہ شاہ پور کنڈی پروجیکٹ سے کٹھوعہ میں آبپاشی کی بہتر سہولیات دستیاب ہوںگی۔اس موقعہ پر صحت عامہ/ آبپاشی کے چیف انجینئران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔