چھ ماہ قبل بنی کمیٹی کی رپورٹ تا حال زیرِ التوا، حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد
محتشم احتشام
پونچھ //محکمہ پی ایچ ای کے ڈیلی ویجرز اور کیجول لیبررز نے پونچھ میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے حکومتِ جموں و کشمیر سے اپنے دیرینہ مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ قبل حکومت نے ان کے مسائل کے حل کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی، مگر تاحال اس کی رپورٹ منظرِ عام پر نہیں لائی گئی۔احتجاجی ملازمین نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے بقایاجات کی ادائیگی، مستقل روزگار، اور سروس سیکورٹی کے جو وعدے کئے تھے وہ سب محض کاغذی ثابت ہوئے۔ان کے مطابق تقریباً 64,000 ڈیلی ویجرز کئی برسوں سے پانی و صفائی کے نظام کو اپنی محنت سے رواں رکھے ہوئے ہیں، مگر بدقسمتی سے انہیں نہ اجرت وقت پر ملتی ہے اور نہ ہی ان کی خدمات کو باضابطہ تسلیم کیا جا رہا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ بارہا احتجاجوں، یادداشتوں اور اپیلوں کے باوجود متعلقہ محکمے کی خاموشی افسوسناک ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اجرتوں کی ادائیگی، پالیسی کی عمل آوری، اور مستقل تقرری کے وعدوں کو پورا نہ کیا، تو ریاست گیر احتجاج کی کال دی جائے گی۔احتجاجی ملازمین نے گورنر انتظامیہ اور چیف انجینئر پی ایچ ای سے اپیل کی کہ وہ زمینی سطح پر کام کرنے والے محنت کشوں کے ساتھ انصاف کریں اور کمیٹی کی رپورٹ عوام کے سامنے لا کر عملی اقدامات اٹھائیں۔مظاہرین نے بقایاجات کی فوری ادائیگی،مستقل روزگار کے لیے واضح پالیسی،چھ ماہ قبل بنی کمیٹی کی رپورٹ شائع کرنے اورڈیلی ویجرز کو سرکاری ملازمین کے برابر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔