سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو، غیر قانونی تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر روک لگانے کے لئے آفیسران کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے دوران ٹریفک سگنلوں اورٹریفک نظام میں باقاعدگی لانے کے لئے بھی غوروخوض کیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنرکشمیر،وی سی لائوڈا ،کمشنر ایس ایم سی ،اے ایس پی ٹریفک،اے ایس پی (پولیس ہیڈکوارٹرس) ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ،ریجنل ٹرانسپورٹ آفس اور ایس ڈی اے کے آفیسران کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔صوبائی کمشنر نے تعمیراتی سامان کی بغیر ڈھانپے ٹرانسپورٹیشن پر پابندی عائد کی ہے۔انہوںنے کہا کہ گاڑیوں میں ریت،مٹی،باجری،اینٹوں اور سیمنٹ وغیرہ کو بغیر ڈھانپے لے جانے سے دھول اُڑتی ہے۔جس سے نہ صرف ماحولیات پر منفی اثر پڑتا ہے بلکہ آبی ذخائر بھی آلودہ ہوتے ہیں۔چنانچہ اس بدعت پر قابو پانے کے لئے صوبائی کمشنر نے تمام متعلقین ،ٹریفک پولیس،آر ٹی او کشمیر اورایس ایم سی پر زوردیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گاڑیوں میں تعمیراتی سامان کو ترپالوں سے ڈھانپ کرہی لے جایاجائے۔اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ چھاپڑی فروشوں کے خلاف روزانہ بنیادوں پر مہم کوجاری رکھے اور ہر ی سنگھ ہائی سٹریٹ ،امیرا کدل ،لل دید ہسپتال علاقے اور بٹہ مالو سے چھاپڑی فروشوں کو ہٹانے کے لئے ترجیحی طور اقدامات کرے۔اُدھر عدالت عالیہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے کے تحت صوبائی کمشنر نے آر ٹی او کشمیر اورسرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دی کہ جنرل بس اسٹینڈ بٹہ مالو کو فوری طورپارمپورہ منتقل کیا جائے تاکہ عدالتی احکامات کی من وعن عمل آوری یقینی بن سکے۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو شہر سرینگر میں چار پارکنگ جگہوں کے لئے لوازمات پر کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ سرکار شہر میں ٹریفک دبائو کو کم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے جس سے یہ مسئلہ عنقریب ہی حل ہوگا۔