سرینگر//ارشاد احمد//لال بازارکے باغوان پورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو پینے کا پانی بغیر فلٹرسپلائی کیا جارہا ہے جس سے بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ باغوان پورہ لال بازار اور اس سے ملحقہ علاقوں کو جو پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے اس میں بدبو آنے کے ساتھ ساتھ گندگی بھی ہوتی ہے اور یہ پانی پینے کے قابل نہیں ہے۔ محمد شفیع نے بتایا کہ پینے کا پانی بغیر فلٹرکے سپلائی فراہم کیا جاتا ہے کیونکہ پانی میں بدبوہوتی ہے اور یہ سلسلہ کئی روز سے جاری ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ اس بارے میں محکمہ صحت عامہ کے ملازمین کو اطلاع بھی دی گئی تھی تاہم کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ بغیر فلٹر پانی سے علاقہ میں بیماریاں پھوٹنے کا اندیشہ ہے۔