بغداد// عراق کے دارالحکومت بغداد میں پیر کے روز بارودی بیلٹیں باندھے دو خود کش بم باروں کے حملے کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور 105 زخمی ہو گئے۔ عراقی ذمّے داروں کے مطابق دو روز کے اندر بغداد کو دوسری مرتبہ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔بغداد آپریشنز کمان کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل سعد معن کے مطابق جوڑی دار بم باروں کا یہ حملہ بغداد کے وسط میں ایوی ایشن اسکوائر پر کیا گیا۔یاد رہے کہ ایوی ایشن اسکوائر یومیہ اجرت کے مزدوروں کے جمع ہونے کا مقام ہے جہاں وہ صبح سویرے پہنچ کر کام حاصل کرنے کے منتظر رہتے ہیں۔حملے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ فوری طور پر ایمبولینس کی گاڑیاں بھی پہنچ گئیں۔ابھی تک کسی جانب سے کارروائی کی ذمّے داری قبول نہیں کی گئی ہے۔اس سے قبل ہفتے کے روز بغداد کے شمال میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے نزدیک بارودی بیلٹ باندھے ایک خود کش بمبار کے حملے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔