جموں//صوبہ جموں کے مختلف اضلاع وجموں شہر کے مختلف علاقوں میں شدت کے گرمی کے دنوں میں بجلی کے بحران کی وجہ سے لوگوں کوسخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔اس سلسلے میں بشناہ کے لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے معاملے کولے کر مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ سکول،کالج اوردکانیں بندرکھیں ۔ اس دوران مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے ٹرانسفارمروں کی فوری مرمت کرکے علاقے میں بجلی سپلائی بحال کرنے کامطالبہ کیا۔اس موقعہ پر مظاہرین نے الزام لگایاکہ گذشتہ کچھ دنوں سے بشناہ میں بجلی بندہے جس کی وجہ سے شدت کی گرمی میں لوگوں کاجینادوبھرہوگیاہے لیکن محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی سپلائی کوبحال کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی اکثررات کے وقت بندکی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں اوروہ دن کوبھی کام نہیں کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہرروز محکمہ بجلی کے خلاف کہیں نہ کہیں احتجاج ہوتاہے لیکن ریاستی نائب وزیراعلیٰ اور وزیربجلی ڈاکٹرنرمل سنگھ غفلت کی نیندمیں سوئے ہوئے ہیں۔مظاہرین نے کہاکہ ڈاکٹرنرمل سنگھ ودیگروزراء ٹھنڈے اے سی کمروں میں آرام فرمارہے ہیں اورعوام گرمی جھیلنے پرمجبورہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی کے اہلکاران کوکئی دنوں سے بتایاجارہاہے لیکن وہ ایک دن بہانہ لگاتے ہیں کہ ارکان کمپنی کے لوگ پول وتاریں لگارہے ہیں اورجب دوسرے روزپوچھاجاتاہے تووہ کوئی دوسرابہانہ لگاتے ہیں جوکہ افسوس کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی کے اہلکاران باربار بجلی کی کٹوتی کرتے ہیں ۔انہوں نے ایم ایل اے بشناہ پر غیرسنجیدگی برتنے کابھی الزام لگایا۔انہوں نے انتظامیہ سے فوری طورپربجلی سپلائی بحال کرنے کامطالبہ کیا۔