سرینگر//وزیر برائے باغبانی ، قانون و انصاف اور پارلیمانی امور سید بشارت بخاری نے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں محکمہ قانون اور انصاف کی جانب سے عملائے جارہے ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں سیکرٹری قانون عبدالمجید بٹ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی، منیجنگ ڈائریکٹر ہاو¿سنگ بورڈ، محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئروں کے علاوہ جے کے پی ایچ سی، ہائی کورٹ اور محکمہ قانون کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے ریاست بھر میں محکمہ قانون کے ہاو¿سنگ بورڈ، محکمہ تعمیرات عامہ اور جے کے پی سی سی کی جانب سے عملائے جارہے پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں جن کاموں کا جائیزہ لیا گیا اُن میں ضلع کورٹ کمپلیکسوں کی تعمیر، متعدد مقامات پر منصف کورٹس کی تعمیر، جموں/ سرینگر ہائی کورٹس میں آئی سی ٹی انفراسٹرکچر گیپ کے علاوہ ہائی کورٹ کمپلیکسوں میں سیکورٹی کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا شامل ہے۔میٹنگ میں عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا گیا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ وزیر موصوف نے لیہہ، بانڈی پورہ اور بڈگام کے ڈپٹی کمشنر وں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں سے متعلق زمین کی حصولیابی اور دیگر رکاوٹوں کو دور کریں تا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنایا جاسکے۔جموں میں نئے اسمبلی کمپلیکس کی تعمیر کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے بشارت بخاری نے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی جو اسمبلی کمپلیکس میں بجلی کے نظام اور پی اے سسٹم کی تنصیب سے متعلق کام کاج کی دیکھ ریکھ کرے گی۔وزیر موصوف نے کہا کہ وہ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سرینگر ، ہنڈواڑہ کورٹ کمپلیکس اور نیو اسمبلی کمپلیکس جموں کا بھی دورہ کریں گے۔