واشنگٹن// امریکی وائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام میں بشارالاسد کے فوجی اڈے پر میزائل حملوں کی مکمل تائید اور حمایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسد رجیم کے جرائم کی روک تھام کے لیے سعودی عرب اور امریکا کے موقف میں مکمل ہم آہنگی پائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وائیٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ سعودی فرنانروا نے بشارالاسد کے نہتے شہریوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے جوابی کارروائی کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔ امریکا کا بھی اس بارے میں یہی موقف ہے۔دونوں دوست ملکوں نے شام میں چار اپریل کو خان الشیخون کے مقام پر ہونے والے کیمیائی حملے کے بعد اس جرم کے مرتکب اسد رجیم کو سزا دینے کی حمایت کی تھی۔ امریکا اور سعودی عرب نے خان الشیخون میں کیمیائی حملوں میں ایک سو عام شہریوں کی ہلاکت اور چار سو کے زخمی ہونے کی ذمہ داری بشارالاسد پرعاید کرتے ہوئے اس کے جرائم کی روک تھام کی ضرورت سے اتفاق کیا تھا۔جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں میزائل حملے کے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلیفون کرکے اس کی تفصیلات بتائی تھیں۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے امریکی حملے کو بروقت اور جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔