راجوری//کوٹرنکہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں خصوصاً تحصیل خواص کے لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کوٹرنکہ اور خواص کے درمیان فوری طور پر بس سروس شروع کرنے اور خواص روڈ منصوبے کی تکمیل کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کوٹرنکہ مین چوک پر جمع ہوئے اور راجوری کوٹرنکہ بدھل روڈ کو بند کر کے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی جبکہ اس دوران انہوں نے انتظامیہ و تعمیر اتی ایجنسی مخالف نعرے بازی بھی کی ۔انہوں نے الزام لگایا کہ تحصیل خواص ضلع کی سب سے دور افتادہ تحصیل ہے جس کے تمام علاقے دور دراز اور پسماندہ ہیں۔مظاہرین نے مزید بتایا کہ تحصیل خواص کو کوٹرنکہ سب ڈویژن سے ملانے والی سڑک کی حالت ابتر ہے اور گزشتہ چار دہائیوں سے زیر تعمیر ہے جس کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت تقریباً ناممکن ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بس سروس شروع کی جائے تاکہ مسافروں کو معیاری سہولیات میسر ہو سکیں ۔مظاہرین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس بس سروس کو جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ اس دور افتادہ علاقے کے لوگوں کو راحت کا سانس مل سکے۔ان کاکہنا تھا کہ کوٹرنکہ تا خواص سڑک گزشتہ چار دہائیوں سے زیر تعمیر ہے اور اس علاقے کے لوگ مشکلات سے بھری زندگی گزار رہے ہیںجبکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔بعد ازاں سٹیشن ہاؤس آفیسر کنڈی،سول انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران احتجاجی مقام پر پہنچے اور مطالبات کے حوالے سے ضروری اقدامات کی یقین دہانی پر احتجاج پرامن کرایا۔