بسوہلی ( کٹھوعہ) //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بسوہلی میں رنجیت ساگر جھیل پر سیاحت سے متعلق مختلف سہولیات کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ یہ سہولیات بنی ، بسوہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے قایم کی جا رہی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ڈیم کے نشیبی علاقوں میں مختلف سہولیات قایم کرنے کیلئے 100 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے ۔ بی بی ڈی اے کی طرف سے عملائے جا رہے اس پہلے پروجیکٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اس سیاحتی مقام پر اعلیٰ قسم کی سہولیات بہم کرائی جائیں ۔ سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنی اور بسوہلی کو قدرت نے بے انتہا خوبصورتی سے نوازا ہے اور اس مقام کو سیاحتی نقشے پر لانے کی اشد ضرورت ہے تا کہ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مرحوم مفتی محمد سعید کی سربراہی والی پچھلی حکومت نے بسوہلی ، بنی ڈیولپمنٹ اتھارٹی قایم کی ۔ محبوبہ مفتی نے رنجیت ساگر ڈیم کو مقامی ڈزنی لینڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں دلکش تالاب موجود ہیں جنہیں آبی کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں کیلئے بروئے کار لایا جانا چاہئیے انہوں نے کہا کہ اس سیاحتی مقام میں عالمی نوعیت کے کسی بھی مقام کی خصوصیات موجود ہیں اور حکومت اس سیاحتی مقام کو اجاگر کرنے کیلئے ایک جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم دُنیا کے خوبصورت ترین ڈیمز میں سے ایک ہے اور سیاحوں کو اس جانب راغب کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جموں صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کیلئے 350 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے ہیں اور اس ضمن میں اُن علاقوں کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جو ابھی تک سیاحتی نقشے پر موجود نہیں تھے ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے رنجیت ساگر ڈیم اور ملحقہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ رنجیت ساگر ڈیم کو سیاحتی مقام کے طور فروغ دینا مرحوم مفتی محمد سعید کا خواب تھا کیونکہ لکھنپور سرحد کے نزدیک ہونے سے ریاست سے باہر کے سیاحوں کیلئے ادھر بہتر رسائی ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ علاقے میں نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے ۔ جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا کہ بسوہلی ایک ثقافتی اہمیت کا حامل علاقہ ہے جو ہینڈ لوم صنعت کیلئے مشہور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی سنجیدہ کوششوں سے بسوہلی کی شان رفتہ بحال ہو رہی ہے ۔ انہوں نے لکھن پور اور بسوہلی کو جوڑنے والی سڑکوں کی اپ گریڈیشن کام کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں ، سیکرٹری سیاحت ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ ، ناظمِ سیاحت جموں اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔