عظمیٰ نیوز سروس
جموں// اودھم پور کے جنگلاتی علاقے میں جیش محمدکے 3 ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے تلاشی مہم سخت فضائی نگرانی کے درمیان ہفتے کے روز اپنے تیسرے دن میں داخل ہو گئی۔ حکام نے بتایاکہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائی سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم کر رہی ہے۔پاکستان میں مقیم جیش محمد کا ایک ملی ٹینٹ جمعرات کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں مارا گیا، جب کہ اس کے تین ساتھی بسنت گڑھ کے جنگلاتی علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کثیر سطحی محاصرے کو مضبوط بنانے کے درمیان، مشترکہ آپریشن گروپ کے ذریعہ وسیع کیا گیا تلاشی آپریشن صبح ڈرون اور سونگھنے والے کتوں کی مدد سے دوبارہ شروع ہوا۔حکام نے مزید کہا کہ گروپ کے باقی ماندہ ملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن کیلئے اضافی کمک کے ساتھ گھیرا مزید مضبوط کر دیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین ٹوٹی نے کہا کہ ملی ٹینٹ ابھی بھی علاقے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار ملی ٹینٹوں میں سے ایک گروپ کمانڈر مارا گیا ہے۔گروپ کو ایک سال سے زیادہ عرصے سے ٹریک کیا گیا تھا۔ اس گروپ سے جیش سے وابستہ2 ملی ٹینٹوں کو گزشتہ سال ستمبر میں بسنت گڑھ میں ہلاک کیا گیا تھا۔جمعرات کو، چاروں ملی ٹینٹوں کو اونچائی والی پٹی میں کرور نالہ کے قریب چھپے ہوئے پایا گیا تھا اور فوج کے پیرا کمانڈوز کیساتھ انکا ئونٹر ہواتھا۔مقابلے میں مارے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت حیدر عرف جبار کے نام سے ہوئی ہے، جس کا کوڈ نام مولوی ہے، جو پاکستان سے ہے۔