عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں جمعرات کو تلاشی آپریشن کے بعد سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم میں فوج کے خصوصی دستوں کا ایک سپاہی جاں بحق ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ ڈوڈوہ -بسنت گڑھ کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ہوئی جو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی۔وائٹ نائٹ کور نے ایکس کو بتایا کہ “مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر، پولیس کے ساتھ ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔”اس نے کہا کہ جونہی رابطہ قائم ہوا،تو فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔آرمی نے کہا، “ہمارے ایک بہادر کو ابتدائی تبادلے میں شدید چوٹیں آئیں اور بعد میں بہترین طبی کوششوں کے باوجود اس نے دم توڑ دیا۔”ہلاک ہونے والے سپاہی کی شناخت سپیشل فورسز کے 6 پیرا کے حوالدار جھنٹو علی شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔فوج نے ایکس پر کہا، “جی او سی وائٹ نائٹ کور اور پیرا کے تمام رینک کے بہادر حوالدار جھنٹو علی شیخ کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران عظیم قربانی دی۔”آرمی نے کہا کہ ان کی بے مثال ہمت اور ان کی ٹیم کی بہادری کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ آرمی نے مزید کہا، “ہم غم کے اس لمحے میں سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ جب جائے وقوعہ سے آخری اطلاعات موصول ہوئیں تو آپریشن ابھی جاری تھا۔چار مشتبہ افراد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے علاقے سے اٹھایا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں میں یہ تیسرا انکائونٹر ہے۔بدھ کے روز، جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے ٹنگمرگ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ملی ٹینٹوں کی طرف سے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد ایک انکائونٹر شروع ہوا۔فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے اس علاقے کا کڑا محاصرہ کیا جو جمعرات کو بھی جاری رہا لیکن ابتدائی رابطے کے بعد طرفین کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا۔جمعرات کی شام محاصرہ اٹھایا گیا کیونکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ملی ٹینٹ فرار ہوگئے ہیں۔ ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اُدھمپور میں اِنسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران ملک کے لئے اَپنی جان قربان کرنے والے فوج کے بہادر سپاہی حولدار جھنتو علی شیخ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میں فوج کے بہادر سپاہی حولدار جھنتو علی شیخ کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قوم کے لئے اَپنی جان قربان کی۔ اُن کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم اِس غم کی گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔‘‘