سرینگر// آئی جی پی ٹریفک بسنت کمار رتھ نے کل شہر سرینگر میںمختلف چوراہوں کادورہ کرکے جہاں ٹریفک نظام کو راہ راست لانے پرکیلئے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات دیں وہیں انہوں نے مسافرگاڑیوں کی چیکنگ کی اور اپنے منفرد اندازمیں گاڑیوں میں سوار مسافروں سے بات کی ۔جموں شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے والے بسنت کمار رتھ نے کشمیر میں ناقص نظام کو راہ راست پر لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور گذشتہ 2روز سے وہ شہر میں سڑکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔بدھ کو بسنت کمار نے شہر سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا ۔کئی مقامات پر انہوں نے فٹ پاتھوں پر چھاپڑی فروشوں سے بات کی اور انہیں راہ گیروں کیلئے راستہ کھلا رکھنے کیلئے کہا ۔انہوں نے سڑکوں پر تعینات اہلکاروں کو ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا نے کی ہدایت دی ۔بسنت کمار نے مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کی اور ڈرائیوں اور کنڈیکٹروں سے تلقین کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں کیونکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے ٹریفک جام رہتی ہے اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے مسافر گاڑیوں میں خواتین کیلئے مخصوص سیٹوں کو کھلا چھوڑنے کی تلقین کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اچھا شہری بننے کو ثبوت پیش کریں اور گاڑیوں میں خواتین کیلئے جگہ چھوڑا کریں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی جی پی ٹریفک بسنت رتھ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ سومو، منی بسوں ، بس ڈرائیووں اور کنڈیکٹروں کی من مانیاں کسی بھی صورت میں چلنے نہیں دیں گے اور خواتین مسافروں کو گاڑیوں میں کھڑا رکھنا برداشت نہیں کیا جائے گا۔