سرینگر //ٹریفک پولیس نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو خصوصی مہم کے دوران کئی گاڑیوں کو ضبط کیا اور کئی اہم چوراہوں سے چھاپڑی فروشوں کا غیر قانونی قبضہ ہٹایا گیا۔ آئی جی پی ٹریفک بسنت رتھ اور ایس ایس پی ٹریفک طاہر سلیم کی قیادت میں ٹریفک پولیس کی ایک ٹیم نے جمعرات کی شام لال چوک سے حیدرپورہ تک دورہ کیا جس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورز ی کرنے والے ڈرائیوروں پر جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ کئی گاڑیوں کوضبط بھی کیا گیا ۔ایس ایس پی ٹریفک طاہر سلیم خان نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’ٹریفک پولیس کی ٹیم نے لال چوک سے حیدر پورہ اور واپسی سے راجباغ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کرنے پر کئی ڈرائیوروں پر جرمانہ عائد کیا گیااور کئی گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔انہوںنے بتایا کہ دورے کے دوران ٹریفک پولیس نے کئی اہم چوراہوں سے غیر قانونی قبضہ سے ہٹانے کیلئے چھاپڑی فروشوں سے بات کی جبکہ کئی ایک مقامات پر ڈرائیوروں کی بھی کونسلنگ کی گئی۔ ٹریفک پولیس کی ٹیم نے مائسمہ، لال چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے اہم چوراہوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والے چھاپڑی فروشوں کی کونسلنگ کی اورانہیں سڑکوں پر قبضہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔