نئی دہلی/ / سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت وجے سمپلا نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میںبتایا کہ والدین اور بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود کے قانون مجریہ 2007میں ترمیم کے لئے غور کیا جارہا ہے جس میں تجویز ہے کہ جو شخص ، جس پر والدین ، بزرگ شہریوں کے تحفظ اور دیکھ بھال کی ذمہ داری ہو اور وہ اپنے والدین، بزرگ شہریوں کو جان بوجھ کر چھوڑ دے یا بدسلوکی سے پیش آئے، اس کو کم از کم تین ماہ کی قید کی سزا دی جاسکتی ہے جسے بڑھا کر 6 ماہ تک کیا جاسکتا ہے یا 10 ہزار روپے کا جرمانہ یا دونوں عائد کئے جاسکتے ہیں۔ بچوں کی تشریح میں بیٹا یا بیٹی، چاہے وہ حقیقی ہوں یا گود لئے ہوئے ہوں، داماد، بہو، پوتا ، پوتی شامل ہیں۔