سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری//انڈین آرمی کی جھنگڑ بٹالین (ایس آف سپیڈ ڈویژن کے تحت) نے جمعرات کو بریگیڈیئر محمد عثمان، ایم وی سی کی شہادت کی برسی کے موقع پر جھنگڑ ڈے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ بریگیڈیئر عثمان نے 1948 کی ہند و پاک جنگ کے دوران جامِ شہادت نوش کیا تھا۔بریگیڈیئر محمد عثمان، جنہیں ’شیرِ نوشہرہ‘ کے لقب سے جانا جاتا ہے، نے جنگِ جھنگڑ میں اپنی قیادت کے ذریعے جموں و کشمیر کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر کمانڈر 80 انفینٹری بریگیڈ اور بال سینیِک شری بسنت سنگھ نے عثمان میموریل پر پھول چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب سے قبل عوامی فلاح و بہبود کے کئی اقدامات کئے گئے جن میں ملٹی اسپیشلٹی میڈیکل کیمپ، شجر کاری مہم، بچوں کے کھیلوں کی تقریبات، اور آپریشن سندور سے متاثرہ مقامی افراد کیلئے انڈین ایمزون کے اشتراک سے امدادی کِٹس کی تقسیم شامل تھیں۔دن کا اختتام جنگی اعزاز یافتگان کی عزت افزائی اور مقامی دیہاتیوں کے ساتھ چائے پر ملاقات سے ہوا، جس نے یادگار دن کو عوامی یکجہتی کے ساتھ جوڑ دیا۔بریگیڈیئر محمد عثمان کی یاد میں ویب سائٹ کا آغاز،جھنگڑ ڈے کے موقع پر انڈین آرمی نے بریگیڈیئر محمد عثمان کے نام سے منسوب ایک خصوصی ویب سائٹ :www.usmanmemorial.in کا اجرا کیا۔یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم دنیا بھر کے افراد کو میموریل تک رسائی فراہم کرتا ہے اور اس میں ای-لرننگ مواد، تاریخی دستاویزات اور کمیونٹی ریسورسز شامل ہیں۔ویب سائٹ کا مقصد بریگیڈیئر عثمان کی قربانیوں کو نئی نسل تک پہنچانا اور اسے تعلیم و شہری حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنانا ہے۔